مرحومین کے لیے دْعا کرنا زندگی کا جشن منانے کے برابر ہے۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ5 نومبر2026 کو پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے سینٹ پیٹرز باسیلیکا میں ویٹی کن میں گزشتہ ایک سال کے دوران وفات پانے والے کارڈینلز اور بشپ صاحبان کی یاد میں یوخرستی عبادت خدا کی نذر گزرانی۔ اس موقع پر انہوں نے مسیحیوں کو دعوت دی کہ وہ موت کے بارے میں خوف کے بجائے ایمان اور اْمید کے ساتھ غور کریں۔ انہوں نے کہا کہ مرحومین کے لیے دْعا کرنا دراصل زندگی کا جشن منانے کے برابر ہے۔
اپنے وعظ میں پوپ لیو نے کہا کہ مرحومین کو یاد رکھنا اور ان کے لیے دْعا کرنا کلیسیا کی اہم ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحومین کے لیے ہماری دعاؤں کی بنیاد یسوع مسیح کی قیامت پر ہمارا ایمان اور امید ہے۔ مسیح کی بدولت موت زندگی کا خاتمہ نہیں بلکہ نئی زندگی کی امید بن جاتی ہے۔ اگر قیامت کی امید نہ ہوتی تو مرحومین کے لیے دعا کرنے کا کوئی مقصد نہ رہتا۔پوپ نے مزید کہا کہ مرحومین کو صرف ماضی کی یادوں میں یاد کرنے کے بجائے ہمیں مسیح پر ایمان رکھتے ہوئے موت کو سمجھنا چاہیے۔ خداوند زندہ ہے، ہمارا منتظر ہے اور اپنے آسمانی باپ کے گھر میں ہمارے لیے جگہ تیار کر چکا ہے۔
مقدسین کی رفاقت کا ذکر کرتے ہوئے پوپ نے کہا کہ جب ہم مرحومین کے لیے دعا کرتے ہیں تو ہم صرف ان کے لیے ہی نہیں بلکہ ان کے ساتھ بھی دعا کرتے ہیں۔ مسیح میں موت ہمارے رشتوں کو ختم نہیں کرتی بلکہ خدا کی محبت میں انہیں ایک نئی روحانی صورت عطا کرتی ہے۔عبادت میں گزشتہ ایک سال کے دوران وفات پانے والے سات کارڈینلز اور 136 بشپ صاحبان کو یاد کیا گیا۔
