ماؤں کے آنسو ہتھیاروں کو خاموش کرنے کا سبب بنیں۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 2 نومبر2026 کوپاپائے اعظم لیو چہاردہم نے مرحوم ایمانداروں کے یومِ یادگارکے موقع پر روم کے کیمپو ویرانو قبرستان میں پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی اور کہا کہ مسیح پر ایمان ہمیں یقین دلاتا ہے کہ مومنین جو اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، ان کے ساتھ ہمارا تعلق ختم نہیں ہوتا بلکہ ایک نئی روحانی صورت اختیار کر لیتا ہے۔
اپنے وعظ میں پوپ لیو نے اس دن کے روحانی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار ہماری دعاؤں کو ایک سمت عطا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آسمانی باپ کے حضور دعا کرتے ہیں کہ پاکیزگی اور ابدی سعادت کی وہ زندگی، جس سے خدا کے بہت سے بیٹے اور بیٹیاں پہلے ہی بہرہ مند ہیں، ان تمام مرحومین کی روحوں کو بھی نصیب ہو جو امن کی نیند سو رہے ہیں۔پوپ لیونے کلامِ مقدس میں بیان کردہ نجات کے وعدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ راست بازوں کی روحوں کو کوئی اذیت نہیں پہنچے گی، کیونکہ خدا کی پدرانہ شفقت انہیں ہمیشہ کے لیے اپنی حفاظت میں رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری دْعا ہے کہ مرحومین خدا کی عطا کردہ ابدی زندگی کی رفاقت میں شامل ہوں۔انجیل کے حوالے سے پوپ لیو چہاردہم نے مبارکبادیوں کی تعلیم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ یسوع مسیح کی شخصیت کا عکس اور اپنے شاگردوں کے لیے ان کی اپنی پیش کردہ تصویر ہیں۔ ان کے مطابق مبارکبادیوں کی تعلیم اس مکمل اور بامقصد زندگی کا راستہ ہے جو انسان کو اس دنیا میں بھی اور ابدیت میں بھی نصیب ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بالخصوص ان لوگوں کے لیے دعا کرتے ہیں جنہوں نے حال ہی میں اپنے پیاروں کو کھویا ہے، خاص طور پر وہ خاندان جن کے عزیز جنگ کے بے مقصد تشدد کے نتیجے میں ان سے ہمیشہ کے لیے جدا ہو گئے۔انہوں نے دعا کی کہ سوگوار خاندانوں کے آنسو ان لوگوں کے ضمیر کو جھنجھوڑ دیں جن کے پاس ہتھیار خاموش کرانے اور جنگ روکنے کا اختیار ہے۔
اپنے وعظ کے اختتام پر پوپ لیونے مقدس فرانسس آف اسیسی کے مخلوقات کے نغمے میں شامل موت سے متعلق حمدیہ کلمات کا حوالہ دیا، جن میں مقدس فرانسس نے جسمانی موت کو ”بہن“ کہتے ہوئے خداوند کی حمد کی۔ ان کلمات میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی زندہ انسان جسمانی موت سے بچ نہیں سکتا، تاہم مبارک ہیں وہ لوگ جنہیں موت خدا کی مقدس مرضی پر عمل کرتے ہوئے پاتی ہے، کیونکہ دوسری موت انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکے گی۔پوپ لیو چہاردہم نے مومنین کو یقین دلایا کہ مسیح پر ایمان ہمیں بتاتا ہے کہ مرحومین کے ساتھ ہمارا روحانی تعلق ٹوٹتا نہیں بلکہ ایک نئی صورت اختیار کر لیتا ہے۔
