یوتھ اولمپک گیمز اْمید کی علامت ہیں۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ یکم نومبر2026کوپاپائے اعظم لیو چہاردہم نے سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار میں 31 اکتوبر تا 13 نومبر 2026تک منعقد ہونے والے یوتھ اولمپک کھیلوں کے شرکاء کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلوں کی دنیا سے اْمید کا پیغام اْبھر رہا ہے۔ انہوں نے اس ایونٹ کو نوجوانوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، احترام اور اتحاد کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیا۔پوپ لیو نے بتایا کہ ان کھیلوں میں 15 سے 18 سال کی عمر کے نوجوان کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اور یہ افریقی براعظم میں منعقد ہونے والا پہلا اولمپک ایونٹ ہے۔ کھیلوں کے مقابلوں کے ساتھ تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیاں بھی پروگرام کا حصہ ہیں، جن کا مقصد اولمپک اقدار کو فروغ دینا اور دنیا بھر کے نوجوانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے۔ پوپ لیونے تمام شرکاء کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے برکت کی دعا کی۔
پوپ لیو چہاردہم نے امریکی ریاست جارجیا کے شہر سوانا میں 31 اکتوبر کو پانچ فرانسیسکن مشنریوں کی مبارک قرار دئیے جانے کا بھی ذکر کیا۔ ان میں پیڈرو دے کورپا اور ان کے چار ساتھی شامل ہیں، جنہیں 1597ء میں اپنے مسیحی ایمان کی خاطر قتل کر دیا گیا تھا۔ پوپ لیو نے کہا کہ ان مشنریوں کا تعلق اسپین سے تھا اور انہوں نے امریکی براعظم کے لوگوں تک انجیل کی بشارت پہنچانے کے لیے اپنی زندگیاں وقف کر دیں۔ انہوں نے ان شہداء کی شفاعت کی دعا کرتے ہوئے تمام مبشرینِ انجیل کو یاد رکھا۔
اس موقع پر پوپ لیونے 8 تا 15 نومبر تک روم میں منعقد ہونے والے عالمی ہفتہ غربا کا بھی خیرمقدم کیا، جس کا اہتمام فرانسیسکن برادران کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس اقدام پر مقدس فرانسس آف اسیسی کے پیروکاروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ غریبوں کو مرکزِ توجہ بنانا خداوند یسوع مسیح اور مقدس فرانسس آف اسیسی کی تعلیمات اور طرزِ زندگی کی عکاسی کرتا ہے۔ پوپ لیو نے اس پروگرام میں تعاون کرنے پر شہری حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اپنے خطاب کے اختتام پر پوپ لیو نے تمام مرحومین کی یادگاری تقریب کے حوالے سے بتایا کہ وہ 2 نومبر کو روم کے ویرانو قبرستان میں پاک ماس ادا کریں گے۔ انہوں نے مونین سے اپیل کی کہ وہ ان تمام بہن بھائیوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں جو اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں، خصوصاً ان مرحومین کو جنہیں کوئی یاد کرنے والا نہیں۔
