کلیسیا کا مشن لوگوں کو زندگی کے گہرے سوالات پر غور کرنے میں مدد دینا ہے۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم

پاپائے اعظم لیو چہاردہم
پاپائے اعظم لیو چہاردہم

مورخہ 07اکتوبر 2026کو پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے ہفتہ وار جنرل آڈینس کے دوران اپنی تعلیم میں کہا کہ عصرِ حاضر کی دنیا میں کلیسیا کا اولین مشن یہ ہے کہ وہ لوگوں کو زندگی کے گہرے سوالات پر توجہ دینے میں مدد دے؛ یعنی ہماری ابتدا اور انجام، نیز محبت اور دکھ کے معنی سے متعلق سوالات پر غور کرنے کی دعوت دے۔پوپ لیونے کلیسیا کے اس مشن کو جدید دنیا میں موجود اس دباؤ کے برعکس قرار دیا جو انسان کو مادی اشیا پر مرکوز طرزِ زندگی اختیار کرنے پر مجبور کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے دل بلندیوں کی طرف دیکھنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کلیسیا اپنے مشن کو معاشرے کی تعمیر میں حصہ لے کر بھی پورا کرتی ہے۔ تاہم یہ کردار بنیادی طور پر سیاسی سرگرمی کے ذریعے نہیں بلکہ ایمان اور محبت کی گواہی دینے کے ساتھ ساتھ انصاف، امن اور اخوت کے لیے عملی جدوجہدکے ذریعے ادا کیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کلیسیا کمزوروں اور غریبوں پر ظلم و جبر کو قبول نہیں کر سکتی اور نہ ہی ان ناانصافی پر مبنی ڈھانچوں کو تسلیم کر سکتی ہے جو لوگوں کو انحصار اور ناانصافی کی حالت میں مبتلا رکھتے ہیں۔ پوپ لیو نے اس ضرورت پر زور دیا کہ مسیحیوں کی زندگی ان کے ایمان کے مطابق ہونی چاہیے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ انسان کے ایمان اور روزمرہ زندگی کے درمیان تضاد ہمارے عہد کی سنگین ترین غلطیوں میں شمار ہوتاہے۔
آخر میں پوپ لیو چہاردہم نے کہا کہ کلیسیا کا واحد مقصد خدا کی بادشاہی کے قیام اور پوری نسلِ انسانی کی نجات کے لیے کوشاں ہونا ہے، اور یہ مقصد بالخصوص ذاتی پاکیزگی اور برادرانہ محبت کے ذریعے پورا ہوتا ہے۔اس لیے آئیے، ہم روح القدس کے لیے اپنے دل کھول دیں تاکہ وہ ہماری مدد کرے کہ ہم پاکیزگی اور محبت کی زندگی بسر کریں، تاکہ دنیا ایمان لائے اور اْمید رکھے۔

Urdu Survey Popup