انتھنی ہاپکنز(دنیا کو حیران کر دینے والا انسان)

کبھی کبھی دنیا کسی بچے کی رفتار کو اْس کی صلاحیت سمجھ لیتی ہے، اور پھر اسی غلط فہمی میں اسے”سست“کا لیبل دے دیتی ہے۔ لیکن وقت ثابت کرتا ہے کہ ہر ذہن ایک ہی رفتار سے نہیں چلتااور جو رفتار مختلف ہو، وہی اکثر تاریخ بدل دیتی ہے۔یہ کہانی سر انتھونی ہاپکنز کی ابتدائی زندگی سے لے کر اْن کی عظیم کامیابی تک کا سفر ہے، جو ثابت کرتا ہے کہ خاموشی اور تنہائی بھی ایک دن تاریخ رقم کر سکتی ہے۔انتھنی ہاپکنز 31 دسمبر 1937 کو پورٹ ٹالبوٹ، ویلز میں پیدا ہوئے۔ اْن کے والد ایک بیکری کے مالک تھے۔ بچپن میں انتھونی زیادہ تر تنہائی پسند اور خاموش طبیعت کے مالک تھے۔
سکول میں انہیں اکثر سبق سمجھنے میں مشکل پیش آتی تھی، اور پڑھائی میں دوسرے بچوں کے مقابلے میں سست سمجھا جاتا۔ اسی وجہ سے انہیں slow learnerکہا جاتا تھا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ وہ ڈسلیکسیا (Dyslexia) کا شکار تھے، جس نے اْن کی تعلیمی زندگی کو بہت مشکل بنا دیا۔
سکول میں انتھونی اکثر کلاس روم میں اکیلے بیٹھے رہتے۔ کھیل کے میدانوں میں وہ پیچھے رہ جاتے اور ساتھی بچے انہیں نظر انداز کرتے۔ لیکن یہی تنہائی اْن کے اندر ایک گہری مشاہداتی صلاحیت پیدا کر رہی تھی۔وہ ڈرائنگ کرتے، خیالی دنیا کے نقشے بناتے اور لوگوں کاخاموشی سے جائزہ لیتے۔ اْن کی سوچ عام بچوں سے مختلف تھی یہی فرق آگے چل کر اْن کی طاقت بنا۔
ابتدائی مشکلات کے باوجود انہوں نے آرٹ اور موسیقی میں دلچسپی لی۔ ایک پرانا پیانو اْن کی زندگی کا اہم موڑ ثابت ہوا۔ وہ گھنٹوں بیٹھ کر دھنیں نکالتے اور اپنے جذبات کو آوازوں میں ڈھالتے۔بعد میں انہوں نے Royal Welsh College of Music  Drama &سے اداکاری کی تربیت حاصل کی، جہاں ان کی صلاحیتوں کو پہچان ملنا شروع ہوئی۔تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے تھیٹر سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور پھر جلد ہی برطانیہ کے بڑے اسٹیجز پر نظر آنے لگے۔ ان کی محنت اور غیر معمولی ٹیلنٹ نے انہیں فلمی دنیا تک پہنچا دیا۔انہوں نے ٹی وی اور فلم دونوں میں کام کیا، مگر اصل عالمی شہرت انہیں ہالی ووڈ میں منتقل ہونے کے بعد ملی۔
The Silence of the Lambs میں ان کا کردارایک تاریخی پرفارمنس ثابت ہوا۔ صرف چند منٹ کی اس اداکاری نے انہیں عالمی سطح پر امر کر دیا اور انہیں آسکر ایوارڈ بھی ملا۔اس کے بعد انہوں نے کئی مشہور فلموں میں شاندار اداکاری کی، اور اپنی گہرائی، خاموش تاثرات اور نفسیاتی کرداروں کے لیے پہچانے جانے  لگے۔انتھونی ہاپکنز نے اپنی زندگی میں نشے اور ذاتی مشکلات کا بھی سامنا کیا، لیکن بعد میں انہوں نے خود کو سنبھالا اور مکمل طور پر ایک نئے انسان کے طور پر اْبھرے۔ اْن کی زندگی کا ایک اہم موڑ وہ تھا جب انہوں نے خود کو بدلنے کا فیصلہ کیا اور زندگی کو مثبت انداز میں اپنایا۔
وہ لڑکا جسے کبھی”سست“کہا گیا تھا، وہی آگے چل کر دنیا کے سب سے عظیم اداکاروں میں شمار ہوا۔ ان کی کہانی یہ ثابت کرتی ہے کہ ابتدائی کمزوری ہمیشہ آخری حقیقت نہیں ہوتی۔یہ کہانی ہمیں سکھاتی ہے کہ ہر وہ بچہ جو مختلف طریقے سے سیکھتا ہے، کمزور نہیں ہوتا۔ بعض اوقات جو بچے خاموش، تنہا یا سست سمجھ لیے جاتے ہیں، وہی آگے چل کر دنیا بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔کیونکہ اصل کامیابی رفتار میں نہیں، بلکہ سوچ، محنت اور مستقل مزاجی میں ہوتی ہے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail