FABCکے دفتر برائے بشارتی امور نے ایشیا میں ڈیجیٹل بشارت، سنڈی ابلاغ اور علاقائی تعاون کو اْجاگر کیا۔
فیڈریشن آف ایشین بشپز کانفرنسز کے دفتر برائے بشارتی (FABC-OSC)نے 21 جولائی کو منعقدہ FABC کی 12ویں جنرل اسمبلی میں پیش کی گئی اپنی رپورٹ میں ایشیا بھر میں ڈیجیٹل بشارت،سنڈی ابلاغ اور علاقائی تعاون کے فروغ میں اپنے بڑھتے ہوئے کردار کو نمایاں کیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابلاغ اب کلیسیا کے مشن کا ایک بنیادی حصہ بن چکا ہے، جو ایشیا بھر میں انجیل کی بشارت، مکالمہ، اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق مارچ 2025 میں بشپ مارسیلینو انتونیو مارالیت جونیئرکو دفتر کا چیئرمین اور فادر جان می شین کو ایگزیکٹو سیکرٹری مقرر کیا گیا، جس سے دفتر کے کام کا ایک نیا مرحلہ شروع ہوا۔ فلپائن کے شہر کیزون سٹی میں ریڈیو ویریتاس ایشیا (RVA) کے کیمپس میں قائم یہ دفتر ایشیا کی مقامی کلیسیاؤں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے اور ابلاغ کے ذریعے اتحاد کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
اس مشن کا مرکزی محور ریڈیو ویریتاس ایشیا (RVA) ہے، جو ایشیا کا نمایاں کیتھولک ملٹی میڈیا نیٹ ورک ہے۔ اگست 2025 میں فادر فیلمار فیل کے جنرل منیجر بننے کے بعد RVA نے اپنی مختلف لسانی سروسز اور علاقائی شراکت داروں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کیا۔ رپورٹ میں خاص طور پر میانمار لینگویج سروس کے ساتھ باقاعدہ رابطوں کی بحالی اور تائیوان میں قائم ”مینڈارن پروڈکشن سینٹر“ کے ساتھ دوبارہ تعاون شروع کرنے کا ذکر کیا گیا، جس سے باہمی اعتماد اور علاقائی شراکت داری کو فروغ ملا۔دفتر نے عالمگیر کلیسیا کے اہم واقعات کی میڈیا کوریج میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ RVA کے کثیر لسانی پلیٹ فارمز کے ذریعے ایشیا بھر کے کیتھولک ایمانداروں نے پوپ فرانسس کے براعظم ایشیا کے پاسبانی دورے کی پیروی کی، ان کی وفات پر تعزیت اور دعاؤں میں شریک ہوئے، ”کونکلیو“ کے دوران روحانی طور پر متحد رہے اور پوپ لیو چہاردہم کے انتخاب کا خیرمقدم کیا۔ اس کوریج نے جغرافیائی اور لسانی رکاوٹوں کے باوجود لاکھوں کیتھولک مومنین کو اِن اہم کلیسیائی لمحات میں روحانی طور پر شریک ہونے کا موقع فراہم کیا۔ماحولیاتی ابلاغ بھی دفتر کی اہم ترجیحات میں شامل رہا۔”Laudato Si“ کی دسویں سالگرہ کے موقع پر FABC کے پاسبانی خط کے جواب میں دفتر نے پورے ایشیا میں ایک خصوصی مہم شروع کی، جس میں ویبی نارز، مختصر فلموں کا مقابلہ، مقامی کلیسیاؤں کی ماحولیاتی کہانیوں کے منصوبے، اور The Voice for Our Common Home: Laudato Si' in Asiaکی اشاعت شامل تھی۔ اس مہم کا مقصد کیتھولک مومنین کو تخلیق کے تحفظ کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق اپنے مقامی تجربات ایک دوسرے سے بانٹنے کی ترغیب دینا تھا۔
رپورٹ میں بحران کے دوران ابلاغ کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ مارچ 2025 میں میانمار میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد FABC-OSC نے متاثرہ علاقوں کی معلومات کو منظم انداز میں دنیا تک پہنچایا، متاثرہ افراد کی کہانیوں کو اْجاگر کیا اور FABC کے دیگر دفاتر کے ساتھ مل کر انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں کی حمایت کی۔ دفتر نے ”ایشین مشن کانگریس“ اور”گریٹ پلگریمیج آف ہوپ“ سمیت دیگر اہم کلیسیائی تقریبات کی میڈیا کوریج بھی مربوط انداز میں انجام دی۔رپورٹ کے مطابق ریڈیو ویریتاس ایشیا کی ڈیجیٹل رسائی میں نمایاں اضافہ ہوا۔ 2025 کے اختتام تک اس کے مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر فالوورز کی تعداد تقریباً 40فیصد سے بڑھ کر 12 لاکھ 60 ہزار تک پہنچ گئی، جبکہ RVA کی ویتنام سروس کو اپنی بڑھتی ہوئی آن لائن خدمت کے اعتراف میں یوٹیوب سلور پلے بٹن بھی ملا۔
دسمبر 2025 میں دفتر نے ہانگ کانگ میں 40 سے زائد بشپ صاحبان اور ابلاغ کے شعبہ سے وابستہ رہنماؤں کو جمع کیا۔ اس اجلاس میں ”ویٹی کن کے ڈیکاسٹری برائے ابلاغ“ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، جہاں کلیسیا کے مشن میں ”مصنوعی ذہانت (AI) سے پیدا ہونے والے مواقع اور اخلاقی چیلنجز پر تبادلہء خیال کیا گیا۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ FABC-OSC نے”انڈونیشین بشپس کانفرنس“کے دفتر برائے ابلاغیات کے اشتراک سے FABC کی 12ویں جنرل اسمبلی کی میڈیا کوریج کو مربوط انداز میں انجام دیا، تاکہ اسمبلی کی گفتگو، فیصلے اور پاسبانی ترجیحات ایشیا اور دنیا بھر کے لوگوں تک پہنچ سکیں۔آئندہ منصوبوں کے حوالے سے دفتر نے کئی اہم اقدامات کا اعلان بھی کیا، جن میں ”منیلا میں ایشین کیتھولک ڈیجیٹل انفلوئنسرز کانفرنس“، ”مکاؤ میں FABC-OSC بشپس اجلاس“ جس کا موضوع
”Magnifica Humanitas and the Synodal Way of Evangelization in Asia“ہوگا، اور ”ورلڈ یوتھ ڈے کوریا 2027“ کے لیے ابلاغی معاونت کی تیاریاں شامل ہیں۔
رپورٹ کے اختتام پر اس بات پر زور دیا گیا کہ جب FABC کی جنرل اسمبلی ”سنڈی تبدیلی اور ایشیا میں پل تعمیر کرنے کے مشن“کے موضوع کے تحت اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے، تو ابلاغ کلیسیا کی سنڈی زندگی کا ایک لازمی اظہار بن چکا ہے، جو ایشیا کی مقامی کلیسیاؤں کے درمیان اتحاد کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے نئی نسل تک انجیل کا پیغام بھی مؤثر انداز میں پہنچا رہا ہے۔