سسٹر جمیلہ عمانوائیل کی راہبانہ زندگی کی گولڈن جوبلی، 50 سالہ خدمات پر شکرگزاری کی عبادت
مورخہ 14 نومبر 2026 کو سسٹر جمیلہ عمانوائیل او۔پی نے اپنی مذہبی زندگی کی 50ویں سالگرہ (گولڈن جوبلی) منائی۔ اس موقع پر سینٹ پیٹر اینڈ پال کیتھیڈرل، فیصل آباد میں پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی گئی، جس کی قیادت عزت مآب بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے فرمائی۔۔
دورانِ وعظ عزت مآب بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے مذہبی زندگی کی اہمیت اور خدا کی بلاہٹ کے ساتھ وفاداری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مذہبی زندگی خدا کی محبت کے لیے خود کو وقف کرنے، دعا، قربانی اور خدمت کا مسلسل سفر ہے۔ انہوں نے سسٹر جمیلہ کی 50 سالہ راہبانہ زندگی کو خدا کی وفاداری اور کلیسیا کے لیے بے لوث خدمت کی ایک قابلِ قدر مثال قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خدا کی خدمت میں گزارا گیا ہر لمحہ ایک نعمت ہے اور مذہبی زندگی دوسروں کے لیے محبت، امید اور ایمان کی گواہی بننے کا نام ہے۔
اس موقع پرسسٹر جمیلہ عمانوائیل نے اپنی راہبانہ زندگی کی گولڈن جوبلی پر خدا کا شکر ادا کیا۔ انہوں نے اپنے سفرِ حیات میں خدا کی رہنمائی، فضل اور وفاداری کو اپنی زندگی کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے اپنی جماعت، ساتھی راہبات اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے مذہبی سفر میں ساتھ دیا اور حوصلہ افزائی کی۔
