خاتونِ فاطمہ کیتھولک چرچ، اسلام آباد میں کرسمس کی تقریب کے موقع پرمحسن رضا نقوی اور آرچ بشپ جوزف ارشد کا امن و بھائی چارے کا پیغام
مورخہ 19 دسمبر 2025 کوخاتونِ فاطمہ کیتھولک چرچ، اسلام آباد میں کرسمس گیٹ ٹوگیدر 2025 نہایت خوشگوار اور روحانی ماحول میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی جناب محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر داخلہ تھے، جبکہ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد سمیت اعلیٰ سرکاری افسران، کاہن صاحبان ، سسٹر صاحبات اور پیرش کے مومنین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کی میزبانی ریورنڈ فادر سرفراز سائمن نے کی۔ اسلام آباد کانونٹ سکول کے طلبہ نے کرسمس ڈرامہ پیش کیا، چرچ کوائر نے کرسمس کیرلز سنائے اور ثقافتی کرسمس گیت بھی پیش کیے۔ آوے ماریا کیتھولک ٹی وی کی جانب سے فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی خدمات پر خصوصی پریزنٹیشن پیش کی گئی۔
فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے اپنے خطاب میں کرسمس کے پیغامِ محبت، امن اور خدمتِ انسانیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کرسمس ہمیں ایک دوسرے کو قبول کرنے، معاف کرنے اور معاشرے میں ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کاوشوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
وفاقی وزیر داخلہ جناب محسن رضا نقوی نے کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو امن اور احترام کے ساتھ رہنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے مسیحی برادری کے ملکی ترقی اور قومی ہم آہنگی میں کردار کو سراہا اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب کا اختتام دعاؤں اور معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور مسیحی اقدار کے فروغ کے عزم کے ساتھ ہوا۔