یسوع مسیح نے ہماری نجات کے لیے صلیب کو گلے لگا یا اور زندگی میں بدل دیا۔پوپ لیو چہاردہم

مورخہ 14ستمبر 2025کوپوپ لیو چہا ر دہم نے پاک صلیب کی سرفرازی کی عید کے موقع پر مومنین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خدا کی بے پناہ محبت نے موت کو زندگی میں تبدیل کر دیا۔ پوپ لیو نے مومنین سے پوچھا کہ ہمارے لیے پاک صلیب کی سرفرازی کی عید منانے کا کیا مطلب ہے؟اس سوال کا جواب دینے کے لیے انہوں نے انجیلِ مقدس میں سے نیکدیمس کی یسوع کے ساتھ ملاقات کے واقع کو بیان کیا اور کہا۔ نیکوڈیمس کو راہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے وہ خدا کو ڈھونڈتا ہے اور ناصرت کے یسوع سے مدد مانگتا ہے۔انہوں نے نیکوڈیمس کے ساتھ یسوع کے مکالمے کی وضاحت کی اور بتایا کہ خدا نے اپنے آپ کو بطورہمارے ساتھی، اْستاد، طبیب اور دوست پیش کر کے ہمیں بچایا، یہاں تک کہ ہمارے لیے پاک یوخرست میں روٹی بن گیا۔اور نجات کے کام کو پورا کرنے کیلئے اْس نے موت کے سب سے ظالمانہ آلات میں سے ایک کا استعمال کیا جسے انسان نے ایجاد کیا تھا یعنی صلیب۔
پوپ لیو نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ آج ہم صلیب کی ”سرفرازی“کا جشن مناتے ہیں: اس محبت کے لیے جس کے ساتھ خدا نے ہماری نجات کے لیے صلیب کو گلے لگا یا، اور اسے موت نہیں زندگی میں بدل دیا، ہمیں یہ سکھایا کہ کوئی بھی چیز ہمیں اْس سے جدا نہیں کر سکتی اور یہ کہ اْس کی محبت ہمارے گناہ سے بڑی ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر پوپ لیو چہار دہم نے مومنین کو مقدسہ مریم سے شفاعت کرنے کی دعوت دی تاکہ صلیب سے محبت ہمارے اندر بھی جڑ پکڑے اور بڑھے نیز یہ کہ ہم بھی اپنے آپ کو ایک دوسرے کو دینا سیکھیں، جیسا کہ یسوع مسیح نے خود کو مکمل طور پر ہم سب کے لیے دے دیا تھا۔