پاپائے اعظم لیو نے نئے کاہنوں کو مسح کیا اور انہیں زندگی کا وسیلہ بننے کی دعوت دی

گزشتہ دنوں پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے مقدس پطرس کے احاطہ میں ورلڈ ڈے آف پریئر فار وکیشنز کے موقع پر دس نئے کاہنوں کو کاہنانہ خدمت کیلئے مسح کیا۔اپنے خطاب میں پوپ لیو نے مقدس یوحنا کی انجیل کا حوالہ دیتے ہوئے یسوع مسیح کے الفاظ یاد دلائے:”میں آیا ہوں تاکہ وہ زندگی پائیں اور کثرت سے پائیں۔“انہوں نے کہا کہ نئے مقرر ہونے والے کاہنوں کی سخاوت اور خدمت اس وعدے کی زندہ مثال ہے جو آج بھی جاری ہے۔پوپ لیو نے کہانت کے منصب کو”اشتراک اور اتحاد کی خدمت“قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسیح کے ساتھ گہرا تعلق کاہن کو مومنین سے دْور نہیں کرتا بلکہ اْن کے مزید قریب لے آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جتنا آپ کا تعلق مسیح کے ساتھ گہرا ہوگا، اْتنا ہی آپ انسانیت سے جڑے رہیں گے۔پوپ لیونے دنیا میں موجود تشدد اور عدم استحکام کو تسلیم کیا۔تاہم انہوں نے کہا کہ یسوع مسیح خطرات اور مشکلات کے باوجود پیچھے نہیں ہٹتے، اسی طرح کاہنوں کو بھی نہیں گھبرانا چاہیے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ آج کی دنیا میں تحفظ کی تلاش بعض اوقات خوف، تقسیم اور دشمنی کو جنم دیتی ہے۔لیکن کاہنوں کو اپنی بنیاد مسیح پر رکھنی چاہیے، نہ کہ اپنے عہدے یا مقام پر۔انہوں نے نئے کاہنوں کو اتحاد قائم کرنے اور ایسی فضا بنانے کی ترغیب دی جہاں لوگ باہمی زندگی کی قدر کو محسوس کر سکیں۔پوپ لیو کے خطاب کا مرکزی موضوع یسوع مسیح کا اپنے آپ کو”دروازہ“کہنا تھا۔  انہوں نے کہا کہ یہ تصور یروشلیم کے تاریخی پس منظر سے جڑا ہوا ہے اور بپتسمہ اور کلیسیا میں داخلے کی علامت ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اس دروازے کو بند نہ کریں۔پوپ لیو نے زور دیا کہ کاہنوں کو ایسے ”دربان“نہیں بننا جو لوگوں کو دْور رکھیں بلکہ انہیں راستہ دکھانے والے بننا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آج بہت سے لوگ خود کو کلیسیا سے دور محسوس کرتے ہیں، اس لیے دروازے کھلے رکھنے کی ضرورت ہے۔
پوپ لیو نے نئے کاہنوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ یاد رکھیں آپ سب کے لیے ہیں اور سب کے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کلیسیا کا مقصد لوگوں کو محدود کرنا نہیں بلکہ انہیں ابدی زندگی میں مکمل طور پر شامل ہونے میں مدد دینا ہے۔
 اپنے خطاب کے اختتام پر پوپ  لیونے نئے کاہنوں سے کہا کہ وہ دنیا، ثقافت اور روزمرہ زندگی سے جڑیں۔ کبھی کبھار بے یقینی محسوس ہو سکتی ہے، لیکن”اچھا چرواہا“ہمیشہ راستہ دکھاتا ہے۔پوپ  لیونے زبور 23 کا حوالہ دیتے ہوئے انھیں خدا پر بھروسہ رکھنے کی دعوت دی اسی ایمان کے ساتھ اپنی خدمت جاری رکھنے کی تلقین کی۔