مسیح کی آمد کیلئے خود کو تیار کریں،کرسمس کی دنیاوی تیاریوں میں نہ اْلجھیں۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 17دسمبر2025کوسینٹ پیٹرز اسکوائر میں کرسمس ٹری اور چرنی کے سامنے جمع ہوئے مومنین سے خطاب کرتے ہوئے پوپ لیو چہاردہم نے آمد کے ایام کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ تیاری، دْعا اور غور و فکر کا وقت ہے تاکہ یسوع مسیح کو حقیقی معنوں میں خوش آمدید کہہ سکیں۔
انہوں نے کہامیں دْعا کرتا ہوں کہ آپ میں سے ہر ایک اور آپ کے خاندان، خدا کے بیٹے اور دنیا کے نجات دہندہ نومولود یسوع کی آمد کی تیاری کے لیے ایک بابرکت ایڈونٹ کا تجربہ کریں۔ پوپ لیو نے کہا کہ کرسمس چند دن دْور ہے اور انہیں یقین ہے کہ بہت سے گھروں میں چرنی سج چکی ہے،جو مسیح کی ولادت کے بھید کی ایک پُراثر علامت ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ 15 دسمبر کو ویٹیکن میں سینٹ پیٹرز اسکوائر اور پال ششم آیوڈئینس ہال میں چرنی سجائی گئی۔ پوپ لیو نے اْمید ظاہر کی کہ یہ اہم روایت جو نہ صرف ایمان بلکہ مسیحی ثقافت اور فن کا بھی حصہ ہے کرسمس کا لازمی جزو بنی رہے، تاکہ ہم یسوع کو یاد رکھیں، جو انسان بن کرہمارے ساتھ رہنے آیا۔پوپ لیونے خبردار کیا کہ کرسمس کی تیاریوں میں حد سے زیادہ مصروفیت ہمیں اسے سطحی انداز میں منانے پر مجبور کر سکتی ہے۔ اس لیے حد سے زیادہ مصروفیت سے بچیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیے باخبر رہیں تاکہ کرسمس کی دنیاوی تیاریوں میں اْلجھ نہ جائیں کیونکہ اس سے کرسمس کا تجربہ سطحی رہ جاتا ہے اور مایوسی جنم لے سکتی ہے۔ اس کی بجائے، اپنے دلوں کو بیدارکریں، تاکہ یسوع کی محبت بھری حضوری ہماری زندگیوں اور دلوں کا دائمی خزانہ بن جائے۔انہوں نے کہا کہ ایڈونٹ ہمیں بغیر کسی شرط کے یسوع کو قبول کرتے ہوئے کرسمس کی تیاری کرنے کی دعوت دیتا ہے۔
انہوں نے دْعا کی کہ ”اُمید کی ملکہ مقدسہ مریم“آمد کے اس روحانی سفر میں ہماری رہنمائی کرے اور تمام خاندانوں کی حفاظت فرمائے۔