الزبتھ بلیک ویل — دنیا کی پہلی خاتون ڈاکٹر

الزبتھ بلیک ویل (Elizabeth Blackwell) طب کی تاریخ کی ایک عظیم اور انقلابی شخصیت تھیں۔ وہ امریکہ میں طب کی ڈگری حاصل کرنے والی پہلی خاتون ڈاکٹر تھیں، جنہوں نے خواتین کے لیے میڈیکل تعلیم کے دروازے کھولے اور صنفی امتیاز کے خلاف ایک مضبوط مثال قائم کی۔الزبتھ بلیک ویل 3 فروری 1821ء کو برطانیہ کے شہر برسٹل (Bristol، England) میں پیدا ہوئیں۔ وہ ایک تعلیم یافتہ اور سماجی شعور رکھنے والے خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔ اْن کے والد سموئیل بلیک ویل غلامی کے سخت مخالف تھے اور بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیتے تھے۔
1832ء میں ان کا خاندان بہتر معاشی اور تعلیمی مواقع کی تلاش میں امریکہ منتقل ہو گیا۔ابتدا میں الزبتھ بلیک ویل نے طب کو بطور پیشہ اختیار کرنے کا ارادہ نہیں کیا تھا، مگر ایک قریبی سہیلی کی بیماری اور اس کی خواہش کہ کسی خاتون ڈاکٹر سے علاج کروایا جائے، الزبتھ کے لیے فیصلہ کن موڑ ثابت ہوئی۔اس زمانے میں خواتین کو میڈیکل کالج میں داخلہ دینا غیر معمولی بات تھی۔ کئی اداروں نے انہیں داخلہ دینے سے انکار کر دیا، مگر بالآخر 1847ء میں انہیں جنیوا میڈیکل کالج، نیویارک میں داخلہ ملا۔
1849ء میں الزبتھ بلیک ویل نے میڈیکل کی ڈگری حاصل کی اور یوں وہ امریکہ کی پہلی خاتون ڈاکٹر بن گئیں۔ یہ کامیابی نہ صرف ان کی ذاتی فتح تھی بلکہ دنیا بھر کی خواتین کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل بھی ثابت ہوئی۔
ڈگری کے بعد انہوں نے پیرس اور لندن میں مزید تربیت حاصل کی۔ بعد ازاں امریکہ واپس آ کر انہوں نے خواتین اور بچوں کے لیے طبی خدمات کا آغاز کیا۔1857ء میں انہوں نے اپنی بہن ایمیلی بلیک ویل اور ڈاکٹر میری زکریوسکی کے ساتھ مل کر نیویارک میں:
New York Infirmary for Women and  Childrenقائم کیا، جو خواتین ڈاکٹروں کے لیے عملی تربیت کا اہم مرکز بنا۔ 1868ء میں انہوں نے خواتین کے لیے میڈیکل کالج قائم کیا تاکہ عورتوں کو طب کی تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ وہ عمر بھر خواتین کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ حقوق کی علمبردار رہیں۔
الزبتھ بلیک ویل کا ماننا تھا کہ طب صرف جسم کے علاج کا نام نہیں بلکہ اخلاق، ہمدردی اور خدمت کا ذریعہ ہے۔وہ خواتین کو خود اعتمادی، محنت اور مقصد کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کرتی تھیں۔
الزبتھ بلیک ویل 31 مئی 1910ء کو انگلینڈ میں 89 برس کی عمر میں وفات پا گئیں۔ ان کی زندگی علم، جدوجہد اور خدمت کی روشن مثال بن چکی تھی۔
الزبتھ بلیک ویل کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ اگر انسان میں حوصلہ، یقین اور مقصد ہو تو وہ معاشرتی رکاوٹوں کو توڑ کر تاریخ رقم کر سکتا ہے۔ وہ صرف ایک ڈاکٹر نہیں بلکہ خواتین کی آزادی، تعلیم اور وقار کی علامت تھیں۔

Daily Program

Livesteam thumbnail