پوپ لیو چہاردہم کا بزرگوں کے نام پیغام:خدا کی محبت بھری نگاہیں ہر وقت آپ پر ہیں۔

مورخہ 15جون 2026کوویٹیکن نے پوپ لیو چہاردہم کا چھٹے عالمی یومِ دادا دادی،نانانانی و بزرگاں کے لیے پیغام جاری کیا ہے، جو جولائی کے چوتھے اتوار کو منایا جائے گا۔ اس سال کا موضوع ہے: میں تمہیں کبھی نہیں بھولوں گا (ایشعیا 49:15)۔
اپنے پیغام کے آغاز میں پوپ لیو چہاردہم فرماتے ہیں:
ایشعیا نبی کے ذریعے خداوند وعدہ کرتا ہے کہ وہ ہم میں سے کسی کو بھی کبھی نہیں بھولے گا۔ وہ یقین دلاتا ہے کہ اُس نے ہمارے چہروں کو اپنی ہتھیلیوں پر کندہ کر رکھا ہے (ایشعیا  49:16)، اور اُس کی محبت ایک ماں کی اپنے بچے کے لیے محبت سے بھی بڑھ کر ہے (ایشعیا  49:15)۔
پوپ لیو نے کہا کہ ایشعیا بنی کے یہ الفاظ خدا اور انسان کے درمیان ایک نہایت گہری اور محبت بھری گفتگو کی جھلک پیش کرتے ہیں۔ آج بھی ہم ان الفاظ کو اپنے لیے خدا کے ذاتی پیغام کے طور پر پڑھ سکتے ہیں۔
پوپ لیو نے وضاحت کی کہ یہ الفاظ اُن پریشان کن احساسات کا جواب ہیں جو کبھی کبھار دل میں جنم لیتے ہیں: خداوند نے مجھے چھوڑ دیا ہے، میرا خدا مجھے بھول گیا ہے (ایشعیا  49:14)۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ بہت سے بزرگ افراد خصوصاً تنہائی، بیماری یا معاشرتی بے توجہی کے باعث خود کو فراموش شدہ محسوس کرتے ہیں۔ بعض اوقات انہیں صرف ایک مریض یا بستر کے نمبر کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔پوپ لیو نے کہا کہ عالمی یومِ دادا دادی،نانا نانی و بزرگاں ہمیں یہ یاد دلانے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ کلیسیا سب کی ماں ہے اور ہر عمر میں انسان اپنے آپ کو خدا کا بیٹا یا بیٹی پہچان سکتا ہے۔
پوپ لیونے خاص طور پر نوجوانوں کو دعوت دی کہ وہ اپنے دادا دادی، نانانانی،بزرگ رشتہ داروں اور ان بزرگوں سے ملاقات کی خوبصورت روایت کو دوبارہ زندہ کریں جن کے پاس کوئی آنے والا نہیں۔
انہوں نے خاندانوں کو بھی ترغیب دی کہ وہ اپنے بزرگوں کے ساتھ محبت، شفقت اور توجہ سے بھرپور وقت گزاریں۔پوپ لیو نے یاد دلایا کہ کلیسیا اپنے بزرگ اراکین کے دْکھ درد کو سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر عمر میں، خاص طور پر بڑھاپے میں، یہ جاننا باعثِ خوشی ہے کہ خدا کی محبت کبھی ختم نہیں ہوتی۔انہوں نے مبارک پوپ جان پال اوّل کے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خدا ہم پر ہمیشہ اپنی نگاہ رکھتا ہے، یہاں تک کہ جب ہمیں ہر طرف اندھیرا نظر آتا ہے۔ وہ ہمارا باپ ہے، بلکہ اْس سے بھی بڑھ کر ہماری ماں ہے۔
پوپ لیو نے زور دیا کہ بڑھاپے میں بھی ہم خدا کے فرزند رہتے ہیں۔ اس لیے خدا کی آغوش میں واپس آنے کی دعوت زندگی کے ہر مرحلے میں ہمارے لیے موجود رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ اپنی زندگی کے آخری برسوں میں پہلی بار خدا کی محبت اور شفقت کا حقیقی تجربہ کرتے ہیں۔
پوپ لیو نے مشاہدہ کیا کہ آج پہلے کے مقابلے میں زیادہ لوگ بڑھاپے تک پہنچ جاتے ہیں مگر ایمان کا گہرا تجربہ حاصل نہیں کر پاتے۔تاہم انہوں نے تسلی دیتے ہوئے کہا کہ خدا پھر بھی ہمارے قریب آتا ہے۔ اُس کی طرف رجوع کرنے میں کبھی دیر نہیں ہوتی۔ یہ ہر شخص کے لیے ایک عظیم نعمت ثابت ہو سکتا ہے۔
پوپ لیو نے بزرگوں سے کہا کہ کمزوری سے نہ ڈریں!
انہوں نے وضاحت کی کہ اگرچہ بڑھاپے میں انسان جسمانی طور پر کمزور ہو جاتا ہے، لیکن خدا اُسے اب بھی ایک خاص مقصد اور خدمت کے لیے بلاتا ہے۔پوپ لیو کے مطابق ایک مرد یا عورت بڑھاپے میں بھی روحانی طور پر نئی زندگی پا سکتے ہیں۔انہوں نے موجودہ دور میں جنگوں، تشدد اور سماجی بے چینی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے دادا دادی اور بزرگ اس فکر میں رہتے ہیں کہ ان کے پوتے پوتیاں اور آنے والی نسلیں کس دنیا میں زندگی گزاریں گی۔اسی لیے انہوں نے تمام بزرگ افراد سے اپیل کی کہ وہ دنیا میں امن کے قیام کے لیے خلوصِ دل سے دْعا کریں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر پوپ لیو چہاردہم نے تمام بزرگ افراد کا شکریہ ادا کیا جو روزانہ اپنی دْعاؤں، خصوصاً پاک روزری میں انھیں یاد رکھتے ہیں۔

Daily Program

Livesteam thumbnail