پوپ لیو چہاردہم کا امریکہ اور ایران کے معاہدے کا خیرمقدم، مشرقِ وسطیٰ میں باہمی اعتماد پر زور

مورخہ 17جون 2026کوپوپ لیو چہاردہم نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے اپنی اْمید کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے نیز ایران اور امریکہ پر زور دیا کہ وہ مکالمہ اور تعاون کی راہ پر گامزن رہیں۔ اس کے ساتھ ہی پوپ لیو نے یوکرین میں جاری جنگ کے خاتمہ کی بھی اپیل کی ہے۔
تقریباً چار ماہ تک جاری رہنے والی جنگ کے بعد دونوں ممالک جمعہ کے روز ایک مفاہمتی یادداشت (Memorandum of Understanding) پر دستخط کریں گے۔
پوپ لیو نے کہا:میں اسلامی جمہوریہ ایران اور ریا ست ہائے متحدہ امریکہ کے درمیان ہونے والے اس معاہدے کا اطمینان کے ساتھ خیرمقدم کرتا ہوں، جس پر جمعہ کے روز دستخط کیے جائیں گے۔ یہ صبر آزما مکالمہ اور مذاکرات کی ایک حوصلہ افزا کامیابی ہے۔انہوں نے اْن تیسرے فریق ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے امن مذاکرات کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اْمید ہے کہ یہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں باہمی اعتماد، سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا اور اقوام کے درمیان مکالمہ اور تعاون کے نئے راستے کھولے گا۔
یاد رہے کہ 28فروری کو امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگراموں کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملے کیے تھے۔جس کے جواب میں ایران نے اسرائیل اور خلیجی خطے میں موجود امریکی اڈوں اور اتحادیوں پر جوابی حملے کیے، جبکہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔
پوپ لیو چہاردہم نے یوکرین میں بڑھتی ہوئی ہلاکتوں پر بھی گہرے دْکھ کا اظہار کیا، جہاں روس کی جانب سے خاص طور پر یوکرینی شہروں پر حملوں میں شدت آ گئی ہے۔
انہوں نے کہا:بے شمار بے گناہ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، امدادی کارکن مارے گئے ہیں، جبکہ گرجا گھروں اور ثقافتی ورثے کے مقامات آگ کی نذر ہو کر تباہ ہو رہے ہیں۔ میں اْن تمام لوگوں کے قریب ہوں جو اپنے پیاروں کے غم میں مبتلا ہیں، زخمی ہیں، یا جو اس تشدد کے ماحول میں بھی بہادری کے ساتھ زندگی کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
پوپ لیو چہاردہم نے تمام مومنین سے یوکرین میں جنگ کے خاتمہ کے لیے دْعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا:میں سب کو دعوت دیتا ہوں کہ اس جنگ کے خاتمہ کے لیے دْعا کریں۔ آئیے خداوند سے التجا کریں کہ وہ مکالمہ کے راستے کھولے، نفرت کو ختم کر ے اور ایک منصفانہ اور پائیدار امن کو ممکن بنائے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail