پاک یوخرست کی روحانی نعمت ہمیں اْمید کے رہنما بناتی ہے۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 7جون 2026کومیڈرڈ میں، پوپ لیو چہاردہم نے یسوع کے پاک بدن اور خون کی عید کے موقع پر پاک ماس کی قیادت فرمائی۔ جن میں 12 لاکھ سے زائد مومنین نے شرکت کی۔ انہوں نے اسپین کے مومنین کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ”وہ مذہب جس نے صدیوں سے اس ملک کی شناخت کو تشکیل دیا ہے، وہ ماضی کا کوئی عجائب گھر نہ بن جائے جسے صرف دیکھا جائے، بلکہ ایمان کا ایک ایسا مدرسہ بنے جس سے آج بھی سیکھا جا سکے۔
پوپ لیو نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دن ہم خاص طور پر یاد کرتے ہیں کہ خداوند نے اپنی زندگی خوشی سے ہمیں عطا کی تاکہ ہم باپ کے ساتھ رفاقت میں داخل ہو سکیں اور اْس کے فرزند بن سکیں اور وہ یہاں آسمان سے اْترنے والی زندہ روٹی کے طور پر موجود ہے، جو ہمیں خدا کی زندگی اور اس محبت سے بھرتا ہے جو موت سے بھی زیادہ طاقتور ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک یوخرست کے جلوس ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ یسوع نہ صرف ہمیں روحانی غذا دیتے ہیں بلکہ ہماری روزمرہ زندگی میں ہمارے ساتھ چلتے بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایسا خدا ہے جو ہمارے قریب ہے، جو اپنی قوم کے ساتھ چلتا ہے۔ وہ کمزوروں کی تسلی، خاندانوں کی روشنی، بیماروں کی اْمید اور دکھ میں مبتلا لوگوں کے لیے امن ہے۔ جلوس میں موجود مسیح وہی ہے جو غریبوں، مظلوموں، اکیلے اور نظر انداز لوگوں کے ساتھ خود کو جوڑتا ہے۔
پوپ لیونے کہا کہ یسوع کے پاک بد ن اور خون کی عید ہمیں خود غرضی اور بے حسی سے باہر آنے کی دعوت دیتی ہے تاکہ ہم تبدیلی کو قبول کریں اور ایک نئی دنیا کی تعمیر میں حصہ لیں۔ تاکہ محبت کی بے غرضی معاشرے میں پھیل سکے اور خود غرضی کی زنجیریں ٹوٹ جائیں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر پوپ لیونے مومنین کو دعوت دی کہ وہ خلوص کے ساتھ خدا کی طرف لوٹیں اور اْسے اپنے دلوں کی پیاس بجھانے دیں، تاکہ وہ دنیا میں محبت، امن، انصاف اور خوشی لے کر جا سکیں۔انہوں نے دْعا کی کہ ہم سب دوبارہ اْس یوخرست کے چشمے سے پئیں جو ہمیں ہمارے بھائیوں، غریبوں، مریضوں اور مایوس لوگوں کے لیے تازگی کا ذریعہ بناتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسیح آپ کو ایسی روٹی میں بدل دے جو دوسروں کے لئے توڑی، بانٹی اور پیش کی جائے۔
اس تقریب کا اختتام یوخرستی جلوس اور برکت کے ساتھ ہوا، جس کی قیادت پوپ لیو نے فرمائی۔ وہ پاک ہوستیہ (monstrance) کو اْٹھائے ہوئے میڈرڈ کی سڑکوں پر چل رہے تھے، جو 30,000 سے زائد پھولوں سے بنے 16 شاندار پھولوں کے قالینوں سے سجی ہوئی تھیں۔