تقسیم کرنے والی دیواریں گرِا کر امن کے معمار بنیں۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 8جون 2026کواپنے اسپین کے پاسبانی دورے کے دوران، پوپ لیو نے میڈرڈ کے کیتھیڈرل آف آور لیڈی آف المودینا میں ایک دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مسیحیوں پر زور دیا کہ وہ ان دیواروں کو گرِا دیں جو لوگوں کو تقسیم کرتی ہیں، اور اس کے بجائے اتحاد، ہم آہنگی، امن اور مفاہمت کے معمار بنیں۔
یہ کیتھیڈرل اسپین کے دارالحکومت میں واقع ہے اور یہاں ”آور لیڈی آف المودینا“کا مقدس اور قابل احترام مجسمہ موجود ہے، جس کی عقیدت صدیوں پرانی ہے اور میڈرڈ کی روحانی تاریخ میں گہری جڑیں رکھتی ہے۔اپنے خطاب میں پوپ لیو نے اس روایتی واقعہ کا ذکر کیا جس کے مطابق مقدسہ مریم کا مجسمہ میڈرڈ کے قدیم قلعے کی دیواروں کے اندر ظلم و ستم کے دور میں چھپا دیا گیا تھا، اور بعد میں دیوار کا ایک حصہ گرِنے پر وہ مجسمہ دوبارہ صحیح حالت میں دریافت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ماں اور اس کے لوگوں کا دوبارہ ملاپ اسی وقت ممکن ہوا جب ایک دیوار گرِی، جو اس بات کی علامت ہے کہ خدا کا منصوبہ اکثر انہی راستوں سے ظاہر ہوتا ہے جنہیں ہم غیر متوقع سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیوار کا گرِنا اگرچہ ابتدا میں انتشار پیدا کرتا ہے، لیکن یہ نئے آغاز اور بہتری کے امکانات بھی پیدا کرتا ہے۔پوپ لیو نے کہا کہ آج بھی معاشرے میں ایسی بہت سی دیواریں موجود ہیں جو حفاظت نہیں کرتیں بلکہ لوگوں کو”تقسیم، دوری اور تنہائی“میں ڈال دیتی ہیں۔ اکثر لوگ خوف یا بے حسی کی وجہ سے ان دیواروں کو برقرار رکھتے ہیں یا انہیں نظر انداز کر دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آور لیڈی آف المودیناکا پیغام یہ ہے کہ اگر ہم کچھ نیا، خوبصورت اور پائیدار بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں ان دیواروں کو گرِانا ہوگا جو ہمیں ایک دوسرے سے جدا کرتی ہیں۔انہوں نے ایمان، محبت اور اْمید پر ثابت قدم رہنے کی تلقین کی:
* ایمان میں تاکہ خدا کے محبت بھرے منصوبے کو سمجھا جا سکے۔
* محبت میں تاکہ ہم ایک خاندان کی طرح زندگی گزاریں۔
* اْمید میں تاکہ دنیا میں اپنا مشن جاری رکھ سکیں۔
پوپ لیو نے کہا کہ مسیحیوں کو ایسے معاشرے کی تعمیر میں حصہ ڈالنا چاہیے جو تقسیم کے بجائے اتحاد پر قائم ہو۔
اپنے خطاب کے اختتام پر پوپ لیونے آور لیڈی آف المودیناکی شفاعت طلب کی اور انہوں نے دْعا کی کہ مومنین مسیح اور کلیسیا سے اپنی محبت میں مضبوط ہوں۔بعد ازاں پوپ لیونے مومنین کو مقدسہ مریم کے سپرد کرتے ہوئے دْعا کی کہ وہ انہیں ”امن اور مفاہمت کے معمار“بننے میں مدد دے۔