اس بدلتی دنیا میں خود کو فراخدلی کے ساتھ پیش کریں۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ2مئی2026کوپاپائے اعظم لیو چہاردہم نے اطالوی بشپ صاحبان کی کانفرنس کے ملازمین سے ملاقات کے دوران کہا کہ گہری تبدیلیوں کے اس دور میں خداوند ہم سے یہ تقاضہ کرتا ہے کہ ہم اپنے اندر سمٹنے یا خوفزدہ ہونے کے بجائے خود کو فراخدلی کے ساتھ پیش کریں۔اس ملاقات میں، جس میں ملازمین اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ شریک تھے، تقریباً 800 افراد موجود تھے۔ اس موقع پر CEI کے صدر کارڈینل میٹیو زوپی اور سیکریٹری جنرل آرچ بشپ جوسیپے باتوری بھی موجود تھے۔
پوپ لیونے حاضرین کی روزمرہ کی”حساس ذمہ داری“پر شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ کام کو توجہ، صبر اور لگن کے ساتھ انجام دیا جائے اور اپنے کام کے ماحول کا بھی خیال رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سادہ باتیں ہیں، مگر سب کی بھلائی کے لیے مفید ہیں اور خدا کے نزدیک بڑی اہمیت رکھتی ہیں۔ کلیسیا کی زندگی میں کوئی بھی چیز چھوٹی نہیں ہوتی اگر وہ ایمان، محبت اور اتحاد کے جذبے کے ساتھ کی جائے۔پوپ لیو چہاردہم نے مزید کہا کہ اطالوی بشپ صاحبان کے دفاتر محض ادارے نہیں بلکہ ایسے وسائل ہیں جو اٹلی کی کلیسیاؤں کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑے رکھتے ہیں اور ایک مضبوط روحانی وحدت پیدا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ کی خدمت دراصل”خدمت کی خدمت“ہے یعنی ایسا کام جو دوسرے کاموں کو سہارا دیتا ہے،ایک ایسا عزم جو بہت سے دوسرے لوگوں کے ساتھ تعاون کو ممکن بناتا ہے اور ایک ایسی شراکت جو مقامی کلیسیاؤں کو خوشخبری سنانے، ایک ساتھ چلنے اور دنیا میں خداوند کی زندہ موجودگی بننے میں مدد دیتی ہے۔پوپ لیو نے زور دیا کہ اس خدمت کا مرکز افراد، دفاتر یا پروگرام نہیں بلکہ خداوند خود ہے، جس میں ہر کام اپنا اصل معنی پاتا ہے۔
کلیسیا میں خدمت صرف ایک ذمہ داری نبھانا نہیں، بلکہ ایک جسم کی زندگی میں فعال شرکت ہے جس کا سر خود خداوند ہے۔انہوں نے حاضرین کو تعلق اور وابستگی کا احساس اپنانے کی دعوت دی اور کہا کہ مسیح کی دلہن کی خدمت تماشائی بن کر نہیں کی جا سکتی، بلکہ اُن لوگوں کی محبت کے ساتھ کی جاتی ہے جو جانتے ہیں کہ وہ اس کا حصہ ہیں یہ رشتہ ایمان اور اتحاد پر مبنی ہے جو دراصل خدا کا عطیہ ہے۔
پوپ لیونے”خدمت“کے موضوع پر روشنی ڈالی، جسے انہوں نے خدا کے لوگوں کی زندگی کا بنیادی پہلو قرار دیا، خاص طور پر اس دور میں جب دنیا تیزی سے بدل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے زمانے میں جی رہے ہیں جہاں خاندان، تعلیم، کام، ابلاغ، سماجی شرکت اور ایمان کی منتقلی سب میں گہری تبدیلیاں آ رہی ہیں، حتیٰ کہ اٹلی میں بھی۔تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ کلیسیا کا مقصد مسیح کا اعلان کرنا،پل بنانا، تعلقات قائم کرنا، ضرورت مندوں کو قبول کرنا، اور اُن کی مدد کرنا جو سہارا، سننے والا دل اور محبت چاہتے ہیں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ خداوند ہم سے یہ نہیں چاہتا کہ ہم اپنے اندر بند ہو جائیں یا خوفزدہ ہوں، بلکہ یہ کہ ہم خود کو فراخدلی سے پیش کریں تاکہ انجیل ہر مرد اور عورت تک پہنچے اور اُن کی زندگیوں کو منور کرے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر، پوپ لیو چہاردہم نے اطالوی کلیسیا کے سفر کو مقدس فرانسس آف اسیسی اور مقدسہ کیتھرین آف سیاناکے سپرد کیا، جو اٹلی کے سرپرست مقدسین ہیں۔