فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت کا سینٹ انتھنی ہائیر سیکنڈری اسکول لاہور کا دورہ

مورخہ 20 اپریل 2026 کو فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے سینٹ انتھنی ہائیر سیکنڈری اسکول کا پہلا دورہ کیا۔ اس بابرکت موقع پر اُن کا استقبال نہایت جوش و خروش، عقیدت اور احترام کے ساتھ کیا گیا۔ اْساتذہ کرام، طلبہ اور معزز والدین نے اْن کی آمد کو پرتپاک خوش آمدید کہا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد ادارے کی تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لینا اور مثبت و تعمیری رہنمائی فراہم کرنا تھا۔ سکول پرنسپل ریورنڈ فادر بشارت سراج کی قیادت میں پورا ماحول خوشی، شکرگزاری اور والہانہ عقیدت سے معطر رہا۔اس موقع پر ریورنڈ فادر آصف سردار، وِکار جنرل کی شرکت بھی باعثِ مسرت رہی۔فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے اپنے خطاب میں طلبہ کی تربیت کے لیے تین بنیادی نکات پر خصوصی زور دیا: معیاری تعلیم، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور موثر کردار سازی۔ اْن کی ولولہ انگیز گفتگو نے حاضرین کو تعلیمی و عملی زندگی میں بہتری اور کامیابی کے حصول کے لیے نئی سمت عطا کی۔
فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے طلبہ کو اپنی مسلسل سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی یقین دہانی کروائی، جبکہ اْساتذہ کرام کی انتھک محنت، خلوص اور لگن کو سراہتے ہوئے انہیں قوم کے معمار قرار دیا۔ انہوں نے اس امر کا بھی اعتراف کیا کہ ادارہ نئی نسل کی بہترین تربیت اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔دورے کے اختتام پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت کو ادارے کی جامع کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں تعلیمی کامیابیوں اور جاری ترقیاتی اقدامات کو نمایاں کیا گیا۔

Daily Program

Livesteam thumbnail