فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹرواس کی جانب سے چرچ کی تقدیس کے تحفظ کے لیے شادی کی فوٹوگرافی سے متعلق ہدایات جاری

گزشتہ دنوں آرچ ڈایوسیس آف لاہور،کے اپاسٹولک ایڈمنسٹریٹر آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس نے چرچ کی تقدیس کے تحفظ کے لیے شادی کی فوٹوگرافی سے متعلق ہدایات جاری کر دیں۔انہوں نے چرچ کے احاطہ میں شادی کی فوٹوگرافی کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کی ہیں تاکہ چرچ کی عظمت اور نکاح کے ساکرامنٹ  کی حرمت کو برقرار رکھا جا سکے۔
یہ ہدایات ”پوزنگ اسٹائل“فوٹوگرافی کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر جاری کی گئی ہیں۔جس کے بارے میں اْن کا کہنا ہے کہ یہ اکثر مقدس تقریب کی سنجیدگی میں خلل ڈالتی ہے۔ 10 مارچ 2026 کو جاری کردہ خط میں بشپ صاحب نے کاہنوں، مذہبی شخصیات اور عام مومنین سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ چرچ کا عبادت گاہ کے طور پر احترام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات میرے علم میں آئی ہے کہ کیتھیڈرل اور لاہور کے دیگر کئی گرجا گھروں میں، نئے شادی شدہ جوڑے اور اْن کے خاندان نکاح سے پہلے اور بعد میں تفصیلی فوٹوگرافی کرتے ہیں۔ اگرچہ ہم شادی کی خوشی مناتے ہیں، مگر ہم سب پر لازم ہے کہ خدا کے گھر کی عظمت اور تقدس کا احترام کریں۔ چرچ سب سے پہلے عبادت، دْعا اور خدا سے ملاقات کی جگہ ہے۔
ہدایات کے مطابق:
* فوٹوگرافی صرف نکاح کی تقریب کے دوران، پیرش پریسٹ کی پیشگی اجازت سے کی جا سکتی ہے تاکہ عبادتی رسومات میں خلل نہ آئے۔
* تقریب کے اختتام پر جوڑے، قریبی خاندان اور رشتہ داروں کے ساتھ ایک گروپ فوٹو لیا جا سکتا ہے، وہ بھی کاہن کی رہنمائی میں۔
* چرچ یا کیتھیڈرل کے داخلی دروازے پر بھی ایک گروپ فوٹو کی اجازت ہوگی۔
* چرچ کے اندر یا اس کے احاطہ میں اسٹوڈیو طرز یا ”پوزنگ اسٹائل“فوٹوگرافی سختی سے ممنوع ہوگی۔
بشپ صاحب نے کاہنوں اور مذہبی راہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ شادی سے پہلے کی تیاریوں اور شادی کے دن ان ہدایات کو نرمی سے سمجھائیں تاکہ جوڑے اور اْن کے خاندان مقدس مقامات کے احترام کی اہمیت کو سمجھ سکیں۔
ریورنڈ فادر عدنان رشید پیرش پریسٹ سینٹ اگنیشیس پیرش،نے ان ہدایات کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ فوٹوگرافرز اور رشتہ دار اکثر دْعا کے دوران تصاویر لینے پر توجہ دیتے ہیں، جس سے کاہن اور جوڑے دونوں کی توجہ متاثر ہوتی ہے۔ مقدس علامات کے سامنے یا چرچ کے اندر پوزنگ فوٹوگرافی اس مقدس رسم کی سنجیدگی کو کم کر دیتی ہے۔
اسی طرح ریورنڈ فادر قیصر فیروز (او۔ایف۔ایم کیپ)ایگزیکٹو سیکرٹری آف نیشل کمیشن فار سوشل کمیونیکیشن نے کہا کہ گرجا گھر اسٹوڈیوز یا شادی ہال نہیں ہوتے۔ فوٹوگرافی کو اس جگہ کے تقدس کا احترام کرنا چاہیے۔ بہت سے لوگ غیر ارادی طور پر چرچ کو محض ایک پس منظر کے طور پر استعمال کر کے اس کا احترام مجروح کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شادی کی تقریبات میں اصل توجہ دْعا اور عبادت پر ہونی چاہیے، نہ کہ ثقافتی نمائش یا فوٹوگرافی پر۔
 کیتھولک آرچ ڈایوسیس آف لاہور پاکستان کی بڑی ڈایوسیسز میں سے ایک ہے، جس کے تحت متعدد پیرشز، تعلیمی ادارے اور سماجی خدمات انجام دی جا رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ ہدایات نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ ایشیا بھر کی کیتھولک برادری کے لیے بھی ایک مثال بن سکتی ہیں۔

Daily Program

Livesteam thumbnail