سماجی ابلاغیات کے مثبت استعمال سے معاشرے اور چرچ کی تعمیر کریں۔ ریورنڈ فادر قیصر فیروز(او۔ایف۔ایم کیپ)
مورخہ یکم جون 2025کوملکہ ِ فرشتگان پیرش بھائی پھیرو (پھول نگر) میں ریورنڈ فادر قیصر فیروز (او۔ایف۔ایم کیپ)پیرش پریسٹ کی قیادت میں نوجوانوں کیلئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔جس کا موضوع ”ابلاغیاتی ہنر اور ڈیجیٹل کہانی سْنانے کا فن“تھا۔اس کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو پوپ فرانسس کے اْمید کے پیغام سے بھی آگاہ کیا گیا۔ تاکہ نوجوان صرف علم ہی سے نہیں بلکہ ایمان میں مضبوط ہوتے ہوئے پْر اْمید رہیں۔ اس ورکشاپ میں 140سے زائد نوجوانوں نے شرکت کی۔اس تقریب کے مہمانِ خصوصی ریورنڈ فادر پاسکل پولوس (او۔پی) دومنیکن گھرانے کے پرائر وائس پروونشل اورمحترم اشفاق صاحب تھے۔ریورنڈفادر پاسکل پولوس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ابلاغیات ایک انسانی ضرورت بن چکی ہے۔اس کی طاقت سے انکار ممکن نہیں لیکن ہمیں اس طاقت کو صرف مثبت راستے پر چلانا ہے۔جیسے جیسے ہم ترقی کر رہے ہیں ویسے ویسے ہم غیر محفوظ بھی ہو رہے ہیں۔اس لئے شعور اور احتیاط لازم و ملزوم ہیں۔
اس سیمینار کا پہلا سیشن برادر عامر (او۔پی) نے دیاجس کا موضوع نوجوانوں میں ابلاغیاتی ہنر کا کردار تھا جس میں ابلاغیات کے مثبت اور منفی اثرات کے متعلق بتایا گیا۔اس کے ساتھ ساتھ ابلاغیات کے بارے میں مختلف مسائل کے حل بھی سمجھائے گئے۔
دوسرے سیشن کے مقرر ریورنڈ فادر قیصر فیروز تھے۔ جس میں انہوں نے ناصرف نظریاتی معلومات فراہم کیں بلکہ عملی مشقوں کے ذریعے نوجوانوں کوسیکھایا کہ کس طرح وہ اپنی ابلاغیاتی صلاحیتوں کو بہتر بنا کر معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ کمیونیکیشن سکلز صرف ایک پیشہ وارانہ ضرورت نہیں بلکہ ایک معاشرتی خدمت بھی ہے۔ اس تربیتی ورکشاپ میں ناصر شیرازی کی نئی کتاب ”بزنس پراس پیریٹی“ کو نوجوانوں سے متعارف کروایا گیا۔اس کتا ب کی رونمائی ریورنڈ فادر پاسکل پولوس (او۔پی) نے اپنے دستِ مبارک سے کی۔
سیمینار کے اختتام میں ریورنڈ فادر پاسکل پولوس نے ریورنڈ فادر قیصر فیروز (او۔ایف۔ایم کیپ) کی کاوشوں اور میڈیا میں اْن کی خدمات کو سراہا اور زور دیا کہ ایسے سیمینارز جاری رہنے چاہئیے تاکہ نوجوان نا صرف میڈیا کی مثبت سرگرمیوں سے با خبر ہوں بلکہ با عمل بھی بن سکیں۔نیز انہوں نے برادر عامر کی پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ برادر عامر نے بڑی محنت کے ساتھ ابلاغیات کے ہر ایک پہلو کو موئژ طریقے سے پیش کیا ہے۔
Daily Program
