دورہِ حاضرہ میں مقدس جان باسکو کی تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت ہے۔ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹرجوزف ارشد
مورخہ31جنوری 2026کو ڈان باسکوٹیکنیکل اینڈ یوتھ سنٹر یوحنا آباد لاہور میں عظیم مبلغ اورنوجوانوں کے بانی مقدس جان باسکو کی عید نہایت عقیدت کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر پاک ماس کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹرجوزف ارشد نے فرمائی۔
اپنے خطاب میں بشپ جی نے کہا کہ میرے لئے بڑی خوشی کی بات ہے کہ میں مقدس جان باسکو کی عید کے موقع پر اِس ادارے کی خوشی میں شامل ہوں جو نوجوانوں کیلئے دن رات انتھک محنت کر رہا ہے تاکہ ہمارے نوجوانوں کامستقبل سنوار سکیں۔انہوں نے کہا کہ مقدس ڈان باسکو کی زندگی ہمارے لئے رول ماڈل ہے۔کلیسیا میں مقدس اْسے قرار دیا جاتا ہے جو اپنی زندگی کی غیر معمولی خدمت اور کاموں سے کلیسیائی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔مقدس جان باسکو کی زندگی نے نوجوانوں کو متاثر کیا۔یہاں تک کہ بہت سے نوجوان کاہن بنتے اور مومنین بھی اْن کی جماعت کے ساتھ ملِ کر خدمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مسیحیوں کو پسماندہ کمیونٹی کہا جاتا ہے۔اس لئے ہمیں اس پسماندگی سے نکلنے کیلئے زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔بشپ صاحب نے بتایا کہ ہمارے بڑوں نے پاک آرمی،فضائیہ،نیوی،سیاست،تعلیم اور صحت کے میدان میں اپنا نام بنایا اور ہمیں بھی اپنے ہیروز کے نقشِ قدم پہ چلتے ہوئے پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے کلیسیا کی خدمت کرنی ہے اور ایسا کرنے کیلئے محنت کرنی ہوگی۔آخر میں نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے بشپ جی نے کہا کلیسیا جو مواقع آپ کو مہیا کرتی ہے اْن سے فائدہ اْٹھانا کلیسیا کے بچوں کا کام ہے۔صرف یہ نہ سوچیں کہ ہمارے مذہبی رہنما ہمارے لئے کیا کرتے ہیں بلکہ جو سہولیات ملتی ہیں اْن سے سیکھیں اور کامیاب ہوں۔
بعد ازاں ریورنڈفادر نوبل لال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقدس جان باسکو نوجوانوں کے سچے خیر خواہ اور رہنما تھے جنہوں نے تعلیم اور تربیت کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی پیدا کی نیز اْن کے پیروکار آج بھی اْن کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
پاک ماس کے بعد ورائٹی پروگرام ہوا۔جس میں مقدس جان باسکو کی زندگی کو ڈرامائی انداز میں پیش کیا گیا۔اس ڈرامے نے حاضرین کو نہ صرف محظوظ کیا بلکہ مقدس جان باسکو کے پیغام اور مشن کو بھی اْجاگر کیا۔بعدازاں کیک کاٹا گیا۔اس روحانی تقریب میں جان باسکو خاندان کے علاوہ کاہن صاحبان، سسٹرز صاحبات اور تمام اسٹاف نے بھرپور شرکت کی۔