خدا کرے کہ یہ جنگ بندی ایک ایسی بنیاد بنے، جوسب قوموں کے درمیان اْمید،محبت اور امن کے پل تعمیر کرے۔ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد

فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد،بشپ آف اسلام آباد۔راولپنڈی ڈایوسیس نے اس اہم موقع پر کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا اعلان امن اور امید کی خوشخبری لایا ہے اور اس لمحے کو خطے میں مستقل استحکام کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ یہ جنگ بندی،تنازعات پر سفارت کاری کی طاقت کی یاد دہانی کے طور پر بھی کام کرتی ہے۔ یہ بہت اہم ہے کہ دونوں قومیں دیرینہ مسائل کو حل کرنے اورعوام کی بھلائی و سلامتی کو ترجیح دینے کے لیے دیرپا حل تلاش کرنے کے لیے بامعنی بات چیت جاری رکھیں۔ جنوبی ایشیائی خطے کا
 پرامن مستقبل تعاون، بات چیت، باہمی احترام اور امن کے عزم سے شروع ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میری دلی دعا ہے کہ یہ جنگ بندی ایک ایسی بنیاد بنے جس پر ہندوستان اور پاکستان دونوں مضبوط، قابل اعتماد اور زیادہ پْرامن تعلقات استوار کر سکیں، جو سب کے لیے بہتر مستقبل کو یقینی بنائے۔ اپنے پیغام کے اختتام پر بشپ جی نے عالمی امن و سلامتی  کے لیے دعا کی کہ اس خطے اور دنیا میں انصاف امن یکجہتی اور بھائی چارے کا جذبہ غالب رہے اور ہم سب قوموں کے درمیان امید محبت اور امن کے پل تعمیر کرتے رہیں۔