بپتسمہ کے ساکرامنٹ میں ہم ازسر نو پیدا ہوتے ہیں جبکہ استحکام کے ساکرامنٹ کے ذریعے ہم مضبوطی پاتے ہیں۔فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت

مورخہ 3مئی2026کو سینٹ پادرے پئیو کیتھولک چرچ مہر ٹاؤن لاہورکینٹ میں فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے پہلا پاسبانی دورہ کیا۔جہاں بشپ جی کو بگھی میں بیٹھا کر،کّلہ اور مالا پہنا کر تمام مومنین نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے پْر تپاک استقبال کیا۔اس موقع پر غباروں کو بھی فضامیں چھوڑا گیا۔چھوٹی بچیوں نے خوبصورت انداز میں ٹیبلو پیش کرکے بشپ جی کو خوش آمدید کہا۔اس کے بعد بشپ جی نے اپنے دست ِ مبارک سے فرانسسکن ٹاؤ مونامنٹ کو برکت دی اور تختی کی نقاب کْشائی کی۔ بعد ازاں پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کے حضور گزرانی گئی جس کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے فرمائی جبکہ ریورنڈ فادر ولیم بشارت،ریورنڈ فادر طاہر اور ریورنڈ فادر قیصر فیروز نے معاونت فرمائی۔دورانِ وعظ بشپ جی نے سب سے پہلے مہر ٹاؤن کی کلیسیا کے پیار اور محبت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بتایا کہ میں کاہنانہ مخصوصیت کے بعد ریورنڈ فادر فرانسس بیلجئیم مشنری کے ساتھ مہر ٹاؤن میں تین سال خدمت کرنے کا موقع ملا۔بشپ جی نے کہا کہ”استحکام کا ساکرامنٹ مضبوطی کا ساکرامنٹ ہے۔“انہوں نے پوپ پال ششم کی استحکام کے حوالے سے 1979میں شائع ہونے والی دستاویز کا حوالہ دیا اور بتایاکہ یسوع مسیح کے وسیلہ سے انسانوں کی الٰہی ذات میں شراکت ایسے ہی ہے جیسے فطری زندگی کا آغاز۔  بپتسمہ کے ساکرامنٹ میں ہم ازسر نو پیدا ہوتے ہیں جبکہ استحکام کے ساکرامنٹ کے ذریعے ہم مضبوطی پاتے ہیں اور بلآخر پاک یوخرست کی خوراک سے  ہمیشہ کی زندگی کیلئے سیِر کئے جاتے ہیں۔پشپ جی نے بتایا کہ آج استحکام کے اْمیدواروں کو کرسمہ کے پاک تیل سے مسح کیا جائے گا تاکہ وہ دلیری اور جرات کے ساتھ یسوع نام کی گواہی دیتے رہیں۔بشپ جی نے تمام بیٹیوں سے خاص طور مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ہمارے معاشرے میں بہت سی مشکل حالات ہیں لیکن آپ کو اپنے ایمان کی حفاطت کرنی ہے۔اپنے والدین اور کلیسیا سے وفادار رہناہے۔ شیطان کے پھندوں میں نہیں پھنسنا بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے۔ہمیں آپ پر فخر ہے۔آپ کلیسیا کا روشن مستقبل ہیں۔لیکن ہمیں آپ سے توقعات بھی ہیں۔میری دْعا ہے کہ آپ آزمائشوں اور مشکلات کا ہمت سے مقابلہ کریں اور ہمیشہ اپنے ایمان میں ثابت قدم رہیں۔
 ریورنڈ فادر قیصر فیروزنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مہر ٹاؤن کی کلیسیاڈی ایچ اے کی زندہ دل کلیسیا ہے جو جی اْٹھے یسوع پر ایمان رکھتی اور اپنے زندہ ایمان کا اظہار کرتی ہے۔ فادر جی نے کہا کہ مہر ٹاؤن کی کلیسیا فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت سے بے پناہ محبت کرتی ہے اور اْن کی خدمات کیلئے اْنھیں ہر روز یاد کرتے ہیں۔پاک ماس کے دوران فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے بچوں کو اپنے دستِ مبارک سے استحکام کا ساکرامنٹ دیا۔پاک ماس کے بعد بشپ جی نے مسٹر عامر جوزف ڈائریکٹر دارالکلام،کاہن صاحبان اور بچوں کے ہمراہ ربن کاٹ کر ہفتہِ مسیحی تعلیم کا افتتاح کیا نیز گرجا گھر میں رکھے گئے مقدس انتھنی کے نئے سٹیچو کو برکت دی۔
 مسٹر عامر جوزف ڈائریکٹر دارالکلام نے اظہار خیال کرتے ہوئے ہفتہِ مسیحی تعلیم کا موضوع ہے اپنے ایمان کو جانیں۔اپنے ایمان کے مطابق جئیں اوراْسے دوسروں کے ساتھ بانٹیں۔انھوں نے بتایا کہ مسیحی تعلیم کا ہفتہ ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے ایمان کی تجدید کریں۔نیز انہوں نے پورے ہفتے کے موضوعات پر بھی بیان کیا۔آخر میں فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت کو یاد گار شیلڈ پیش کی گئی۔بعد ازاں ریورنڈ فادر قیصر فیروز نے اظہار تشکر پیش کیا۔

Daily Program

Livesteam thumbnail