ایمان کی روح ہر تعلیمی سرگرمی کا مرکزی حصہ ہونی چاہیے۔ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد
مورخہ30 اپریل سے 2 مئی 2026 کو فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی قیادت میں ڈایوسیزن بورڈ آف ایجوکیشن اسلام آبادراولپنڈی میں تین روزہ جنرل ایجوکیشنل اسمبلی کا انعقاد کیا گیا۔اس اسمبلی میں مختلف شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، جن میں ڈایوسیزن بورڈ آف ایجوکیشن کے بورڈ ممبران، اکیڈمک اور فنانس کمیٹیز، اسکولوں کے پرنسپلز، کاہن صاحبان، سسٹرز صاحبات، مبشرانِ انجیل، ڈایوسیزن بورڈ آف ایجوکیشن کا سٹاف اور ڈایوسیزن بورڈ آف ایجوکیشن کے مختلف اسکولوں کے اْساتذہ شامل تھے۔اس اجلاس کا بنیادی مقصد ڈایوسیزن بورڈ آف ایجوکیشن کے اسکولوں کے لیے پانچ سالہ اسٹریٹیجک پلان کو پیش کرنا، اُس کا جائزہ لینا اور مزید مضبوط بنانا تھا۔ یہ تمام سرگرمیاں ”تعلیمی معیار میں بہتری اور مالیاتی استحکام“کے مرکزی موضوع کے تحت انجام دی گئیں، جو ادارے کی ترقی اور مشن پر مبنی تعلیم کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔
اس موقع پرفضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے ڈایوسیس کا وسیع تر پاسٹرل پلان اور”12 نکاتی چارٹر“پیش کیا، جس نے تعلیمی اہداف اور روحانی ترجیحات کو یکجا کرنے کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کیا۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایمان کی روح ہر تعلیمی سرگرمی کا مرکزی حصہ ہونی چاہیے، تاکہ تمام فیصلوں اور ادارے کے ماحول کی تشکیل مسیحی اقدار اور روحانی بنیادوں پر اْستوار ہو۔