امن کے سفیر بنیں۔فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹریوس
مورخہ 17مارچ 2026کوسینٹ پیٹرک ہائی اسکول کراچی میں بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے لیے ایک خصوصی افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا۔ جس کا مقصد سینٹ پیٹرک کی عید کی خوشی منانے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں امن، خصوصاً اسرائیل، ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں دْعا کرنا تھا۔
اس تقریب میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر روزہ افطار کرنے کے ساتھ ساتھ امن، رواداری اور باہمی احترام کے پیغام کو اْجاگر کیا گیا۔
فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹریوس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمیونین (Communion) کا مطلب ہے ایک دوسرے کے ساتھ جُڑنا، ایک دوسرے کو قبول کرنا اور محبت میں بڑھنا۔ آج کی دنیا، جو تقسیم اور کشیدگی کا شکار ہے، اس میں یہ نہایت ضروری ہے کہ مختلف مذاہب کے لوگ ایک دوسرے کے قریب آئیں اور امن کے سفیر بنیں۔
اس موقع پرریورنڈ فادر ماریو روڈریگز پرنسپل آف سینٹ پیٹرک ہائی اسکول نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ اقدام وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دوسروں کے لیے مثال بننا ہے۔ دنیا کو امن اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے اور مسیحی روزہ اور رمضان المبارک کا یہ بابرکت وقت ہمیں ایک ساتھ رہنے، ایک دوسرے کو سمجھنے اور معاشرے کی بھلائی کیلئے مل کر کام کرنے کا پیغام دیتا ہے۔
اس سے قبل 13 مارچ کوریورنڈ فادر ماریو روڈریگز نے اپنے شراکت دار اداروں کے تعاون سے 200 راشن بیگز مستحق مسلم اور مسیحی ملازمین اور طلبہ کے والدین میں تقسیم کیے، تاکہ لینٹ اور رمضان المبارک کے موقع پر ضرورت مند افراد کی مدد کی جا سکے۔
یہ تمام اقدامات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، محبت اور خدمت کا جذبہ زندہ ہے، اور مختلف مذاہب کے لوگ مل کر ایک پُرامن اور متحد معاشرہ تشکیل دینے کے لیے کوشاں ہیں۔