آرچ ڈایوسیس آف لاہور اور لاہور لیڈز یونیورسٹی کے درمیان ایم۔او۔یو (M.O.U)پر دستخط کر دئیے گئے۔
مورخہ 22مئی2026کو بشپ ہاؤس لاہور میں،آرچ ڈایوسیس آف لاہور اور لاہور لیڈز یونیورسٹی کے درمیان ایم۔او۔یو (M.O.U)پر دستخط کر دئیے گئے۔فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت اور لاہور لیڈز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم بھٹی نے اقلیتی نوجوانوں کیلئے تعلیم و ترقی کے نئے دروازے کھول دئیے۔لیڈز یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والے اقلیتی نوجوانوں کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ انھیں یونیورسٹی کی جانب سے 50 فیصد سکالر شپ دی جائے گی۔اس موقع پر
فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیتھولک چرچ نے ہمیشہ نوجوانوں کی تعلیم پر زور دیا ہے اور ہمارے لئے تعلیم کا مطلب نوجوانوں کو بہتر انسان،پْرامن اور ذمہ دار شہری بنانا ہے۔نیز انھوں نے ڈاکٹر ندیم بھٹی اور اْن کے وفد کا شکریہ ادا کیاجنہوں نے اقلیتی نوجوانوں کیلئے ایک تاریخی قدم اْٹھایا ہے۔ فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے اْمید ظاہر کی ہے کہ بہت سے نوجوان اس تعلیمی موقع سے ضرور مستفید ہوں گے۔ لاہور لیڈز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم بھٹی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بشپ جی کا شکریہ ادا کیا اور اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔انھوں نے بتایا کہ لاہور لیڈز یونیورسٹی حکومت پنجاب کی چارٹر یونیورسٹی ہے جس میں 1100 طلبہ و طالبات اور500 سے زائد فیکلٹی موجود ہے۔اس یونیورسٹی کے پورے لاہور میں 10 کیمپس ہیں۔ریورنڈ فادر بشارت سراج نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایم۔او۔یو صرف ایک کاغذی کاروائی نہیں ہے بلکہ نوجوانوں کیلئے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا سنہری موقع ہے۔