آئیں ہم بھی مقدس فرانسس آف اسیسی کی طرح امن کے پیامبر بنیں۔فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت
مورخہ یکم اگست 2026کو سیکرڈہارٹ کیتھڈرل لاہور میں کیتھولک یوتھ منسٹری، آرچ ڈایوسیز آف لاہور کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی یومِ نوجوان 2026 اور مقدس فرانسس آف اسیسی کی 800 سالہ جوبلی نہایت عقیدت و جوش کے ساتھ منائی گئی۔اس تقریب میں لاہورآرچ ڈایوسیس سے نوجوانوں،کاہن صاحبان،سسٹر صاحبات اور مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغازشکر گزاری کی اقدس قربانی سے ہوا، جس کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت جبکہ ریورنڈ فادر آصف سردار (وِکر جنرل آرچ ڈایوسیس آف لاہور)اور ریورنڈفادر یوسف یعقوب (ڈائریکٹر کیتھولک یوتھ منسٹری)نے معاونت فرمائی۔اپنے پیغام میں فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مقدس فرانسس آف اسیسی کی سادہ، عاجزانہ اور خدمت گزار زندگی سے سبق حاصل کرتے ہوئے مسیح کی محبت، اْمید اور امن کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کلیسیا کا حال بھی ہیں اور مستقبل بھی، اس لیے انہیں ایمان، محبت اور خدمت کے جذبے کے ساتھ معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔بشپ جی نے بتایا کہ مقدس فرانسس کی مسند تحریریں ہم سب کو دعوت دیتی ہیں کہ ہم اْن سے سیکھیں۔اْنہوں نے بتایا کہ 2023 کا موضوع تھا”تم خوشی ہو“۔اس کی علامت چرنی ہے۔ اور مقدس فرانسس کے مطابق کامل خوشی سب کچھ حاصل کر لینے میں نہیں بلکہ سادگی، خدا کے احکامات اور پاک انجیل کا پرچار کرنے میں حقیقی خوشی ہے۔
2024 کا موضوع تھا”تم محبت ہو“ جس کی علامت پاک صلیب ہے۔ یسوع نے اپنی عظیم محبت کو صلیبی قربانی کے ذریعے ہمارے ساتھ بانٹا ہے۔ مقدس فرانسس کے نزدیک محبت کا مطلب اپنی صلیب اْٹھانا اور دوسروں کے لئے قربانی دینا ہے۔ 2025 کا موضوع تھا”تم خوبصورتی ہو“ انہوں نے کہا کہ اسکی علامت زمین ہے۔ کائنات خوبصورت ہے کیونکہ زمین خوبصورتی بانٹتی ہے۔ بشپ جی نے بتایا کہ آپ کے رویہ اورگفتگو سے آپ کی تربیت کا پتہ چلتا ہے۔ نغمہ کائنات مقدس فرانسس نے اس وقت لکھا تھا جب اْن کی آنکھوں کی بینائی جا چکی تھی۔ وہ دل کی آنکھوں سے کائنات کی خوبصورتی کودیکھ سکتے تھے۔ آپ اپنی کلیسیا اور خاندانی زندگی کی خوبصورتی کو دیکھیں۔
2026 کا موضوع ہے ”تم اْمید ہو“۔ اس کی علامت پاک یوخرست ہے۔نوجوانوں آپ کلیسیا کی اور اپنے ماں باپ کی اْمید ہو۔ اس لئے آرچ ڈایوسیس نے سوچا کہ ہم یہ دن مل کر منائیں۔ آپ متحد ہوں اور دنیا کی سلامتی کے لئے کام کریں۔ دولت اور پیسہ ہی کامیابی اور خوشی کی معراج نہیں۔ اگر بہت دولت ہے لیکن اگر ایک دوسرے کو سراہتے نہیں، ایک دوسرے کے شکر گزار نہیں، تو پھر خوشی کی کمی ہے۔ مقدس فرانس امن کا وسیلہ بنا، آئیے ہم بھی ایک دوسرے کے امن کا وسیلہ بنیں۔
بعد ازاں سینٹ انتھونی ہائی اسکول، لاہورمیں کیتھولک یوتھ منسٹری کی جانب سے ایک خصوصی یوتھ پروگرام کا انعقادکیا گیا۔سیکرڈہارٹ کیتھیڈرل لاہور کی طالبات نے آئے ہوئے مہمانوں کو ثقافتی انداز میں خوش آمدید کہا۔مومن پورہ کی یوتھ نے مقدس فرانسس آف اسیسی کے زندگی کے واقعات کو امن کے دْعائیہ گیت کے ذریعے پیش کیا۔ریورنڈ ڈیکن شفاقت کی قیادت میں کاریتاس میوزک اکیڈمی کے نوجوانوں نے مقدس فرانسس کی جوبلی اور یوتھ سونگ mashupپیش کیا جسے نوجوانوں نے بہت سراہا۔ فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ا س بات پر زور دیا کہ مقدس فرانسس آف اسیسی کی روحانیت نوجوانوں کو عاجزی، خدمت، امن اور محبت کے راستے پر
چلنے کی دعوت دیتی ہے۔ نیز اس پروگرام میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی گئی کہ وہ اپنے ایمان کو عملی زندگی میں زندہ رکھتے ہوئے معاشرے میں اْمید، امن اور محبت کے سفیر بنیں۔
