پاپائے اعظم لیو چہاردہم کا کولمبیا کے زلزلہ متاثرین کے لیے دْعا اور گہرے دْکھ کا اظہار
مورخہ 10اگست 2026کو پاپائے اعظم لیو نے کولمبیا کی بشپس کانفرنس کے صدر کے نام ایک ٹیلی گرام بھیجا جس میں انہوں نے کولمبیا میں آنے والے شدید زلزلے پر گہرے دْکھ کا اظہار کیا، جاں بحق ہونے والوں کیلئے ابدی آرام اور اس سانحہ سے متاثر ہونے والے تمام افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دْعا کی۔
کولمبیاکے جنوب مغربی حصے میں آنے والے اس طاقتور زلزلے کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔ زلزلے سے بڑے پیمانے پر نقصان بھی ہوا، جس میں متعدد گرجا گھروں کو پہنچنے والا نقصان بھی شامل ہے۔اپنے پیغام میں پوپ لیو نے اْن خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا جو اس گہرے دْکھ کی گھڑی میں اپنے پیاروں کی جدائی کا غم منا رہے ہیں۔
پوپ لیو نے اْن تمام افراد کا بھی شکریہ ادا کیا جو بڑی سخاوت اور لگن کے ساتھ امدادی، تلاش و بچاؤ کی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور متاثرین کو ضروری مدد اور سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے اْن تمام افراد کو اپنی روحانی قربت کا یقین دلایا۔
آخر میں پوپ لیو نے خداوند سے دْعا کی کہ وہ مبارک کنواری مقدسہ مریم کی شفاعت کے وسیلے سے اپنے عزیز کولمبیائی مومنین پر روحانی قوت اور مسیحی اْمید کی نعمتیں نازل فرمائے نیز انہوں نے متاثرہ افراد اور پورے کولمبیا کے لیے اپنی برکت بھی بھیجی۔
