پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے”مصیبت زدہ لوگوں کیلئے مرکزِشفا“کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے کمیشن قائم کر دیا۔


مورخہ 27مئی 2026کوپوپ لیو چہاردہم نے ایک خصوصی فرمان (Chirograph) پر دستخط کرتے ہوئے اٹلی کے شہر سان جیوانی روٹونڈو میں قائم(House for the Relief of Suffering) فاؤنڈیشن کی از سرِ نو بحالی اور ترقی کے لیے ایک نیا نگران اور رہنمائی کمیشن قائم کر دیا ہے۔ یہ ادارہ مقدس پادرے پیؤکے خواب اور خدمت کے جذبے کا نتیجہ تھا۔
ویٹیکن نیوز کے مطابق، یہ معروف اطالوی طبی مرکز اب ایک نئے دورِ تجدید کی تیاری کر رہا ہے۔ نئے کمیشن کا مقصد ادارے کی کارکردگی، مؤثریت اور طویل مدتی استحکام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
یہ فیصلہ کلیسیا کی خیراتی خدمات سے محبت اور اس شعور کے تحت کیا گیا ہے کہ عظیم اداروں کو اپنی اصل روح اور مشن کے ساتھ وفادار رہنے کے لیے وقت کے بدلتے چیلنجز کا سامنا کرنا ضروری ہے۔
پوپ لیو کے فرمان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ دور میں، ٹیکنالوجی، قانون اور معیشت کی تبدیلیاں کلیسیا کے مشن کو مسلسل تجدید کے چیلنج سے دوچار کرتی ہیں،خاص طور پر صحت کے شعبے میں، جہاں بصیرت، سرمایہ کاری اور دانشمندانہ انتظام ناگزیر ہیں۔اسی تناظر میں ”ہاؤس فار دی ریلیف آف سفّرنگ“کو ایک ایسی خدمت قرار دیا گیا جوبیماروں، زائرین اور اْن کے خاندانوں کو خوش آمدید کہنے، مدد فراہم کرنے اور علاج مہیا کرنے کے لیے قائم کی گئی تھی، اور جو اپنے مقدس بانی کی روحانیت سے متاثر ہے۔
پوپ لیو چہاردہم نے واضح کیا کہ اس کمیشن کا کام فاؤنڈیشن کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینا، بہترین اصلاحی تجاویز پیش کرنا، اور ادارے کی خدمت اور مشن کو مزید مؤثر اور پائیدار بنانا ہوگا۔یہ کمیشن مالی، انتظامی، جائیدادی اور عملی تمام شعبوں میں مکمل اختیار کے ساتھ کام کرے گا، اور اہم فیصلوں سے قبل براہِ راست پوپ کو رپورٹ پیش کرے گا، خاص طور پر ایسے اقدامات میں جو ادارے کے اثاثوں یا اس کے آئین میں نمایاں تبدیلی کا سبب بنیں۔”ہاؤس فار دی ریلیف آف سفّرنگ“دراصل پادرے پیو کے اس مضبوط ایمان کا مظہر تھا کہ جسمانی علاج بھی مسیحی مشن کا ایک لازمی حصہ ہے۔
آج کئی دہائیوں بعد بھی وہی روح برقرار ہے، اور پوپ لیو چہاردہم کا یہ اقدام اسی خدمت اور شفقت کا تسلسل ہے، جس کے تحت مقدس پادرے پیؤ چاہتے تھے کہ کوئی بھی بیمار، زائر یا خاندان مدد اور سہارا پائے بغیر واپس نہ جائے۔اس ادارے کی نئی بحالی دراصل اس کے بانی، اس کے مشن، اور اُن تمام لوگوں سے وفاداری کا اظہار ہے جو ہر روز اس کے دروازوں پر شفا اور امید کی تلاش میں آتے ہیں۔

Daily Program

Livesteam thumbnail