نئے مقدسین کی تقلید سے متاثر ہوں۔ پا پائے اعظم لیو چہاردہم

 مورخہ 20اکتوبر2025کو سینٹ پیٹرز اسکوائر میں پوپ لیو چہاردہم نے سات نئے مقدسین کی کینونائزیشن کے بعد دنیا بھر سے آئے ہوئے زائرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس ہستیاں ”اْمید کی روشن نشانیاں“ اور تمام مومنین کے لیے مثال ہیں۔
نئے مقدسین کی زندگیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے پوپ لیو نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگیاں مسیح اور اْس کے لوگوں کی محبت میں مکمل طور پر قربان کیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اِن مقدسین کی پاکیزگی ایک ایسی دعوت ہے جو ہم سب کے لیے ہے۔
پوپ لیو نے سب سے پہلے آرمینیا کے شہید بشپ سینٹ اگنیشئیس کا ذکر کیا، جنہیں انہوں نے ”مسیح کے دل کے مطابق ایک چرواہا“ قرار دیا۔ انہوں نے ظلم و ستم کے زمانے میں اپنی قوم کو حوصلہ دیا اور ایمان سے انکاری ہونے کی بجائے اپنی جان قربان کر دی۔ پوپ لیونے دْعا کی کہ اْن کی شفاعت کے وسیلے سے آرمینیائی قوم میں دوبارہ ایمان کی مضبوطی حاصل کرے اوروہاں امن قائم ہو۔
اسی طرح پاپوا نیو گنی کے نئے مقدس، سینٹ پیٹر تو رْت کو ثابت قدمی کی مثال قرار دیا۔ وہ ایک عام مبشرانِ انجیل تھے جنہوں نے دوسری عالمی جنگ کے دوران خفیہ طور پر اپنی خدمت جاری رکھی اور شادی کے تقدس کے دفاع میں طاقتور حکام کے خلاف بھی کھڑے ہوئے۔ پوپ لیونے اْن کے الفاظ یاد دلاتے ہوئے کہا:”یہ ہمارے لیے ایک مشکل وقت ہے اور ہم سب خوفزدہ ہیں، لیکن خدا ہمارا باپ ہمارے ساتھ ہے“۔
وینیزویلا کے دو نئے مقدسین سینٹ ہوزے گریگوریو اور سینٹ کارمین رینڈائلز کے حوالے سے پوپ لیونے اْن کے ایمان، اْمید اور محبت کی خوبیوں کو سراہا اور مومنین کو تلقین کی کہ اْن سے رہنمائی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایمان عام زندگی کو دوسروں کے لیے روشنی میں بدل دیتا ہے۔اْمید ہمیں یاد دلاتی ہے کہ جدوجہد عارضی نہیں اور محبت ہمیں غریبوں، بیماروں اور کمزوروں کی خدمت کے لیے بلاتی ہے۔
پوپ لیونے مقدسہ ماریا ٹرونکاٹی، کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ دْعا اور ایمان سے جسموں کے ساتھ دلوں کو بھی شفا دیتی تھیں جبکہ مقدسہ وِنسنزا ماریانے بیماروں اور محروموں کے لیے مسیح کی شفقت کو مجسم کیا۔ پاپائے اعظم نے کہا کہ اِن کی زندگیاں ظاہر کرتی ہیں کہ پاکیزگی کمزوروں کی خدمت میں پروان چڑھتی ہے۔
آخر میں پوپ لیونے مقدس بارٹولو کا ذکر کیا، جو کبھی ایمان سے دْور تھے مگر بعد میں یتیموں، غریبوں اور مایوسوں کے لیے رحمدلی کے کاموں میں لگ گئے اور  پاک روزری کے فروغ کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ 
اپنے خطاب کے اختتام پر پوپ لیو چہاردہم نے تمام زائرین سے کہا کہ وہ”شکر گزاری اور نئے مقدسین کی تقلید کی خواہش سے لبریز دلوں کے ساتھ“ اپنے اپنے وطنوں کوواپس جائیں۔

Daily Program

Livesteam thumbnail