مصنوعی ذہانت انسانیت کی خدمت کرے، طاقت کو چند ہاتھوں میں مرکوز نہ کرے۔پوپ لیو چہاردہم
مورخہ 25مئی 2026کو پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے اپنی پہلی دستاویز جاری کی ہے جس کا عنوان ہے:
Magnifica humanitas: ”عظیم الشان انسانیت“۔
اس میں انہوں نے انسانیت کے تحفظ، سچائی کے فروغ، محنت کی عظمت، سماجی انصاف اور امن کی اپیل کی ہے۔انسانیت، جسے خدا نے اپنی شبیہ پر پیدا کیا، آج ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑی ہے: یا تو ایک نئے بابل کے برج تعمیر کرے، یا ایسا شہر بنائے جہاں خدا اور انسان ایک ساتھ سکونت اختیار کریں۔
یہ ابتدائی الفاظ پوپ لیو کی پہلی دستاویز Magnifica humanitas کے بنیادی مقصد اور فکر کی عکاسی کرتے ہیں۔یہ دستاویز 25 مئی کو شائع ہوئی، جبکہ پوپ لیونے اْسے 15 مئی کو دستخط کیے، جو پوپ لیوچہار دہم کی 1891ء کی مشہور دستاویزریرم نووارم(Rerum novarum)کے 135 سال مکمل ہونے کا دن تھا۔
پوپ لیو چہاردہم نے اپنے پیش روؤں کی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک ایسی سماجی دستاویز تحریر کی جو موجودہ دور کے ایک بڑے چیلنج مصنوعی ذہانت (AI)پر مرکوز ہے۔
پانچ ابواب پر مشتمل اس دستاویز کا بنیادی مؤقف یہ ہے کہ ٹیکنالوجی نہ تو”انسانیت کی دشمن قوت“ہے اور نہ ہی”فطری طور پر برائی۔“ تاہم،ٹیکنالوجی کبھی غیرجانبدار نہیں ہوتی، کیونکہ یہ اُن لوگوں کی خصوصیات اختیار کر لیتی ہے جو اْسے بناتے، سرمایہ فراہم کرتے، ضابطہ بندی کرتے اور استعمال کرتے ہیں۔“اسی لیے پوپ لیو انسانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ”مشترکہ بھلائی“ کے معمار بنیں اور”انسان رہیں“ یعنی مشترکہ ذمہ داری اور باہمی رفاقت کے جذبے کے ساتھ زندگی گزاریں، تاکہ دنیا”انسانی دل کو اُس مقام کے طور پر پہچانے جہاں خدا سکونت اختیار کرنا چاہتا ہے۔
اس دستاویز کاپہلا باب کلیسیا کی سماجی تعلیم (Social Doctrine of the Church) کی جدید تاریخ اور دوسری ویٹیکن کونسل کا جائزہ لیتا ہے، اور اس کے”متحرک کردار“کو نمایاں کرتا ہے۔
پوپ لیو کے مطابق کلیسیا کی سماجی تعلیم محض اصولوں اور قوانین کا مجموعہ نہیں بلکہ”تاریخ میں رفاقت کی اِلٰہیات“ہے، جو انجیل کی روشنی میں حالات کو سمجھنے میں رہنمائی کرتی ہے۔
وہ پوپ پائس دہم سے لے کر پوپ فرانسس تک تمام پوپ صاحبان کی تحریروں،خاص طور پر Rerum novarum کو ایک سنگِ میل قرار دیتے ہوئے حوالہ دیتے ہیں۔ اْن کے مطابق ہر پوپ نے تاریخ میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو انجیل کی روشنی میں بیان کیا، اور انسانی عظمت، محنت کی قدر، وسائل کی منصفانہ تقسیم، یکجہتی، ماحولیات کا تحفظ، امن اور اخوت جیسے موضوعات کو اْجاگر کیا۔
دوسرے باب میں پوپ لیو کلیسیا کی سماجی تعلیم کے بنیادوں اور اصولوں پر گفتگو کرتے ہیں۔سب سے پہلی بنیاد انسانی عظمت ہے، کیونکہ انسان خدا کی شبیہ پر پیدا کیا گیا ہے۔ پوپ خبردار کرتے ہیں کہ نئے نظریات یا طاقتور مفادات انسان کو محض”استعمال ہونے والا وسیلہ“بنا سکتے ہیں یا اس کی قدر کو صرف اس کی کارکردگی سے جوڑ سکتے ہیں۔اس کے برعکس، ہر انسان کا بنیادی وقار نہ خریدا جا سکتا ہے، نہ کمایا جا سکتا ہے اور نہ ہی اسے ثابت کرنے کی ضرورت ہے۔
وہ انسانی حقوق کی حرمت پر بھی زور دیتے ہیں، خاص طور پر زندگی کے حق پر،”حمل سے قدرتی موت تک“۔ اس ضمن میں وہ اسقاطِ حمل، بے گناہوں کے قتل، اور یوتھینیزیا (رحم کی بنیاد پر موت دینا) کوسنگین طور پر غلط قرار دیتے ہیں۔اسی باب میں پوپ لیوخواتین اور اقلیتوں کے حقوق پر بھی زور دیتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ قانون، روزگار، تعلیم اور سیاسی و سماجی ذمہ داریوں میں ان کی حقیقی شرکت یقینی بنائی جائے۔وہ کہتے ہیں کہ کسی قوم کو مٹانے یا اسے غلام بنانے کی ہر کوشش ”شدید غیر اخلاقی اور ناقابلِ قبول“ ہے۔
پوپ لیو خبردار کرتے ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی چند طاقتور افراد یا اداروں کے قبضے میں نہیں جانی چاہیے کیونکہ اس سے ڈیجیٹل انقلاب میں شامل اور محروم طبقات کے درمیان فرق مزید بڑھ جائے گا۔
پوپ لیو مہاجرین، پناہ گزینوں اور بے گھر افراد کو سماجی انصاف کا”امتحانی معیار“قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق کسی معاشرے کا مہاجرین کے ساتھ رویہ ظاہر کرتا ہے کہ اس کا انصاف خوف پر مبنی ہے یا بھائی چارہ کی روح پر۔وہ محفوظ قانونی راستوں، باعزت استقبال اور معاشرے میں انضمام کے مواقع فراہم کرنے پر زور دیتے ہیں۔
تیسرے باب میں پوپ لیو مصنوعی ذہانت کے حوالے سے خبردار کرتے ہیں کہ اے آئی اخلاقی شعور، ہمدردی، جذباتی تعلق یا روحانی صلاحیت نہیں رکھتی۔وہ مطالبہ کرتے ہیں کہ اے آئی کے لیے واضح قوانین، آزاد نگرانی، اور اخلاقی ضابطہ بنایا جائے، کیونکہ زیادہ اخلاقی اے آئی کافی نہیں اگر اس کی اخلاقیات صرف چند لوگ طے کریں۔
وہ مصنوعی ذہانت کے ماحولیاتی اثرات پر بھی توجہ دلاتے ہیں، کیونکہ یہ بے تحاشا توانائی اور پانی استعمال کرتی ہے۔پوپ کے مطابق مصنوعی ذہانت کو عسکری، معاشی اور ذہنی مقابلے کی سوچ سے”غیر مسلح“کرنا ہوگا۔اْن کے مطابق ٹیکنالوجی کو انسان پر حاوی ہونے سے روکنا ضروری ہے۔
وہ ٹرانس ہیومینزم اور پوسٹ ہیومینزم پر بھی تنقید کرتے ہیں، جو انسانی حدود کو ختم کرنے کو ترقی سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق انسان کی کمزوریاں اور محدودیتیں ہی رشتوں، محبت اور خدا کی طرف کھلنے کا ذریعہ بنتی ہیں۔
چوتھے باب میں پوپ لیو”ابلاغ کی ماحولیات“(ecology of communication) کا مطالبہ کرتے ہیں، جو سچائی، شفافیت اور ذمہ داری پر مبنی ہو۔وہ جھوٹی معلومات، نفرت انگیزی اور اعدادوشمار کے ذریعے رائے سازی پر تشویش ظاہر کرتے ہیں۔وہ اسکولوں کو سچائی کی تلاش اور محبت سکھانے کی بنیادی جگہ قرار دیتے ہیں۔
پوپ لیو کہتے ہیں کہ مصنوعی ذہانت اگرچہ انسان کو مشکل کاموں سے آزاد کر سکتی ہے، مگر اسے روزگار ختم کرنے یا انسان کو مشین کی رفتار کے تابع بنانے کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔وہ محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور نئی مزدور تنظیموں کی تجدید کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔
پانچویں باب میں پوپ لیو جدید جنگوں پر گفتگو کرتے ہیں، خاص طور پر AI سے جڑی جنگی ٹیکنالوجی پر۔ان کے مطابق کوئی اعدادوشمار جنگ کو اخلاقی نہیں بنا سکتا۔مصنوعی ذہانت جنگ کو زیادہ غیر انسانی، تیز اور بے حس بنا سکتی ہے، جہاں انسان صرف”ڈیٹا“بن کر رہ جائے گا۔اسی لیے وہ”منصفانہ جنگ“کے نظریے سے آگے بڑھنے اور مکالمہ، سفارت کاری اور معافی کو فروغ دینے کی اپیل کرتے ہیں۔پاپائے اعظم لیوکے مطابق مسیحیوں کو”طاقت کی ثقافت“کے بجائے”محبت کی تہذیب“تعمیر کرنی چاہیے۔وہ پانچ راستے تجویز کرتے ہیں:
1۔سچ بول کر الفاظ کو غیر مسلح کرنا
2۔انصاف کے ذریعے امن قائم کرنا
3۔متاثرین کے نقط نظر کو اپنانا
4۔عملی امن پسندی
5۔بین المذاہب مکالمہ کو فروغ دینا
وہ کہتے ہیں کہ جو لوگ خدا کے نام پر دہشت گردی، جنگ یا تشدد کو جائز قرار دیتے ہیں، وہ دراصل خدا کی حقیقی فطرت سے غداری کرتے ہیں۔
اپنی پہلی دستاویز کے اختتام پر پاپائے اعظم لیوچہاردہم مومنین کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ مصنوعی ذہانت کے اس نئے دور میں انجیل کی روشنی میں زندگی گزاریں۔وہ لکھتے ہیں:مصنوعی ذہانت کے دور میں بھی ہم انسانیت کی عظمت کی گواہی دے سکتے ہیں، جس میں خداسکونت پذیر ہوا ہے۔