دْعا اْمید کا ایک عمل ہے۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 5اگست 2026کومقدس پطرس کے احاطہ میں پوپ لیو نے Sacrosanctum Concilium، یعنی دوسری ویٹیکن کونسل کے آئین برائے عبادت کے کلیسیائی پہلو پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ عبادت وہ مقام ہے جہاں خدا اپنے بیٹے، یسوع مسیح، کے وسیلے سے انسانیت کے قریب آنے کی پہل کرتا ہے۔
انہوں نے عبادتی دْعا کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا:جیسا کہ مقدس پولوس رسول ہمیں بتاتے ہیں، دْعا کرنا ہمیں روحُ القدس سکھاتا ہے۔
پوپ لیونے کہا کہ عیدِ پینتیکوست سے روحُ القدس کلیسیا میں سکونت پذیر ہے اور اس کی ہر سرگرمی، خصوصاً دْعا، کو تحریک دیتا ہے۔ اسی دن سے کلیسیا مسلسل اکٹھی ہوتی رہی ہے تاکہ مسیح کے پاشکائی بھید کو منائے۔
آج کے دور میں، جہاں کارکردگی اور صارفیت (Consumerism) کی سوچ غالب ہے، دْعا بہت سے لوگوں کو بے مقصد یا معمولی چیز محسوس ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے معاشرے میں جہاں سائنس اور ٹیکنالوجی ہر مسئلے کا جواب دینے کا دعویٰ کرتی ہیں، دْعا بعض اوقات حقیقت سے فرار یا صرف ذہنی سکون حاصل کرنے کی ایک نفسیاتی مشق معلوم ہوتی ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ دْعا کو اس کے اصل مفہوم میں دوبارہ دریافت کرنے کی ضرورت ہے۔پوپ لیو نے وضاحت کی کہ Sacrosanctum Concilium نے اس ضرورت کو سنجیدگی سے لیا اور واضح کیا کہ ْدعا صرف انفرادی عبادت نہیں بلکہ پوری کلیسیائی لطوریا کا نام ہے۔انہوں نے کہا کہ یہی نقط نظر عبادتی اصلاحات کی بنیاد بنا، جس میں مومنین کی فعال شرکت کو مرکزی حیثیت دی گئی۔
پوپ لیو کے مطابق عبادت سب سے پہلے وہ مقام ہے جہاں خدا اپنے بیٹے کے وسیلے سے انسانیت کے قریب آنے کی پہل کرتا ہے، اور انسان خدا سے حقیقی ملاقات کا تجربہ کرتا ہے۔
پوپ لیو نے بتایا کہ ہر ہفتے اور ہر روز کی جانے والی پاک ماس اور مقدس گھنٹے کلیسیا کی زندگی کا سانس ہیں، جن کے ذریعے روحُ القدس کلیسیا کے جسم میں زندگی بخشتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دْعا میں مسیح پوری انسانیت کو اپنے ساتھ شامل کرتا ہے اور سب کو خدا کی حمد و ثنا کے اپنے گیت میں شریک بناتا ہے۔پوپ لیو نے مزید کہا کہ روزانہ پاک ماس ہماری روزمرہ زندگی کے ہر لمحے کو مقدس بناتی ہے۔
انہوں نے دن کے مختلف اوقات کی دْعا کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا:
* صبح ہم ایمان اور شکرگزاری کے ساتھ اپنے دن کا آغاز کرتے ہیں۔
* دوپہر کے وقت ہم اپنی ذمہ داریوں کے دوران وفادار رہنے کی قوت مانگتے ہیں۔
* شام کو، جب دن بھر کا کام مکمل ہو جاتا ہے، شام کی عبادت غروبِ آفتاب کے وقت ہمارے ساتھ ہوتی ہے۔
* رات کو ہم اپنے آپ کو خدا کے امن کے سپرد کرتے ہوئے آرام کرتے ہیں
آخر میں پوپ لیو نے زور دیتے ہوئے کہا:
ہر عبادت اْمید کا ایک عمل ہے، کیونکہ اس زمینی سفر کے دوران ہم پوری کلیسیا کے ساتھ مل کر خداوند کے جلالی دوبارہ آنے کے منتظر رہتے ہیں۔
