خدا کی محبت سے کوئی بھی محروم نہیں۔ پوپ لیو چہاردہم

مورخہ 22اپریل 2026کو پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے استوائی گنی کے شہر باٹاکی جیل کا دورہ کیا۔اپنے دورے کے دوران انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خدا کی محبت سے کوئی بھی شخص محروم نہیں ہوتا۔ انہوں نے ایسے انصاف کی ضرورت پر زور دیا جو انسانی وقار کو بحال کرے اور اصلاحِ احوال میں مدد دے جبکہ قیدیوں کو تبدیلی کے امکان پر یقین رکھنے کی ترغیب دی۔
پوپ لیو نے قیدیوں اور جیل کے عملے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آپ کی باتوں کو غور سے سنا ہے اورآپ کی گواہیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ مشکلات کے باوجود انسانی وقار اور اْمید کبھی ختم نہیں ہوتی۔انہوں نے مزید زور دیتے ہوئے کہا کہ خدا کی محبت سے کوئی بھی محروم نہیں۔یسوع مسیح کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے یاد دلایا کہ ناانصافی اور تکلیف کے حالات میں بھی محبت میں تبدیلی لانے کی طاقت موجود ہوتی ہے۔ اسی لیے ہر انسان، چاہے اْس کا ماضی کچھ بھی ہو”خدا کی نظر میں قیمتی“ہے۔قیدیوں سے براہِ راست خطاب کرتے ہوئے پوپ لیو نے کہا کہ جیل صرف قید کی جگہ نہیں بلکہ غور و فکر اور ذاتی نشوونما کا موقع بھی بن سکتی ہے۔ انہوں نے قید کے دوران تعلیم اور بامقصد کام کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ زندگی کو صرف انسان کی غلطیوں سے متعین نہیں کیا جاتااور قیدیوں کو یاد دلایا کہ ہمیشہ نئی شروعات کا امکان موجود ہوتا ہے۔تنہائی کے احساس پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اکیلے نہیں ہیں آپ کے خاندان آپ سے محبت کرتے ہیں اور آپ کا انتظار کر رہے ہیں۔ جیل کی دیواروں کے باہر بھی بہت سے لوگ آپ کے لیے دْعا کر رہے ہیں اور یہ بھی کہ خدا کسی کو تنہا نہیں چھوڑتا۔
آخر میں پوپ لیونے جیل کے ڈائریکٹر، افسران اور مذہبی پیشوا کا شکریہ ادا کیااور اس بات پر زور دیا کہ سکیورٹی کے ساتھ احترام اور انسانیت کا برتاؤ ضروری ہے۔ ان کے مطابق یہی رویہ قیدیوں کی معاشرے میں واپسی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرتا ہے۔ملاقات کے اختتام پر ایک قیدی نے پوپ لیوکو جیل میں تیار کیا گیا لکڑی کا صلیب پیش کیا، جسے اْس نے اپنی”کہانیوں، زخموں اور نئی شروعات کی اْمید“کی علامت قرار دیا۔