خدا کسی بھی حال میں ہم سے اپنی نظر نہیں ہٹاتا۔ پاپائے اعظم لیو چہاردہم


مورخہ 10جون 2026کوپاپا ئے اعظم لیو نے اسپین کے اپنے رسولی سفر کے دوران بریانس 1 اصلاحی مرکز کے قیدیوں سے ملاقات کرتے ہوئے انھیں یاد دلایا کہ زندگی کی غلطیاں کسی انسان کی اصل پہچان نہیں ہوتیں۔ انہوں نے زور دیا کہ خداوند کبھی بھی اپنے بندوں سے محبت کرنا نہیں چھوڑتا، اور اُس کی رحمت ہمارے تمام اچھے یا برے اعمال سے کہیں بڑھ کر ہے۔
پوپ لیو نے قیدیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ میں سے ہر ایک سے کہتا ہوں کہ خدا آپ سے ویسے ہی محبت کرتا ہے جیسے آپ ہیں، لیکن وہ آپ کو اس سے بھی بہتر دیکھنا چاہتا ہے۔ خداوند ہمیں ہمیشہ نئی شروعات کا موقع دیتا ہے۔ انسان اور مسیحی ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ ہم کبھی غلطی نہ کریں، بلکہ یہ ہے کہ ہم توبہ، اصلاح اور سب سے بڑھ کر صلح اور معافی کی صلاحیت میں بڑھتے جائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک تسلی بخش حقیقت ہے جو ہر وقت ہمارے ساتھ رہتی ہے، کیونکہ خدا کی رحمت بھری محبت ہمیشہ ہمارے اعمال سے بڑھ کر ہوتی ہے۔پوپ لیو نے زور دے کر کہا کہ ہر انسان صرف اس وجہ سے عزت اور قدر رکھتا ہے کہ خدا نے اُسے چاہا، پیدا کیا اور اُس سے محبت کی۔ اس لیے کوئی بھی ایسی حالت نہیں جس کی وجہ سے خداوند ہم سے اپنی نظر پھیر لے۔
انہوں نے خاص طور پر اُن قیدیوں کا ذکر کیا جو اپنے عزیزوں سے دوری اور موجودہ حالات کے بوجھ کو برداشت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب آپ خود کو کمتر محسوس کریں اور یہ سوچنے لگیں کہ آگے بڑھنے کا کوئی فائدہ نہیں، تو اپنی نگاہ اُس خدا کی طرف اْٹھائیں جو بہت سے لوگوں کی موجودگی کے ذریعے مسلسل اپنی محبت اور قربت کا اظہار کرتا رہتا ہے۔انہوں نے تسلیم کیا کہ زندگی کے بعض لمحات میں پریشانی اور غم انسان کو گھیر لیتے ہیں، لیکن یاد رکھنا چاہیے کہ ہماری غلطی ہماری شناخت نہیں بنتی۔
اس موقع پر پوپ لیو نے ‘‘مقدس آگسٹین’’ کی کتاب ‘‘اعترافات’’ (Confessions)کا حوالہ دیا اور کہا کہ اگر ہم خدا کے فضل پر بھروسہ کریں اور خود کو اُس کی رہنمائی کے سپرد کر دیں تو ہم دریافت کرتے ہیں کہ ماضی ہمارے مستقبل کو قید نہیں کرتا بلکہ ہمیں اپنے فیصلے اور راستے بدلنے کا موقع دیتا ہے۔
انہوں نے قیدیوں کو دعوت دی کہ وہ اپنے دلوں میں خدا کے لیے جگہ بنائیں اور اُس کے چہرے کو تلاش کریں۔آئیے اُس کی محبت کو اپنی رہنمائی کرنے دیں۔ اُس سے مضبوطی سے وابستہ رہیں، کیونکہ وہ مسلسل ہمیں اْمید کی طرف بلاتا ہے۔پوپ لیو نے یقین دلایا کہ خدا ہمارے سامنے ایک ایسا خوبصورت نیاآسمان کھولتا ہے جس تک پہنچنے سے کوئی جسمانی دیوار یا رکاوٹ ہمیں نہیں روک سکتی۔
پوپ لیو نے مزید کہا کہ آج بھی خدا ہمارے ضمیر کی گہرائیوں میں ہم سے بات کرتا ہے اور ہمیں یہ دریافت کرنے میں مدد دیتا ہے کہ وہ ہمارے درمیان موجود ہے۔ وہ صرف اس بات کا انتظار کرتا ہے کہ ہم اُسے اپنی زندگی میں کام کرنے کا موقع دیں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر پوپ لیو نے کہامیں آپ سب کو دعوت دیتا ہوں کہ خدا کے خواب کو اپنا خواب بنائیں اور اُسے اپنی زندگی میں ایک نئی شروعات کرنے دیں نیز انھوں نے تمام قیدیوں کو مقدسہ مریم کے سپرد کیا اور اپنی رسولی برکات عطاکیں۔