ایسے”چوروں“سے خبردار رہیں جو ہمیں گمراہ کر کے ہماری خوشی چھین لیتے ہیں۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم

مورخہ 26اپریل2026کو ویٹیکن میں پاپائے اعظم لیو چہار دہم  نے مومنین سے خطاب کرتے ہوئے اْنھیں خداوند پر بھروسہ رکھنے کی دعوت دی اور خبردار کیا کہ ایسے”چوروں“سے خبردار رہیں جو ہمیں گمراہ کر کے ہماری خوشی چھین لیتے ہیں۔خداوند ہم سے کچھ لینے نہیں آتا، بلکہ وہ اچھا  چرواہا ہے جو زندگی کو بڑھاتا ہے اور ہمیں کثرت سے عطا کرتا ہے۔
پوپ لیو نے مومنین کو ترغیب دی کہ اس پاشکائی موسم میں وہ اپنی نگاہیں اور دل اُن نعمتوں پر مرکوز رکھیں جو ایمان اور خوشی کو پروان چڑھاتی ہیں، اور اُن چیزوں سے ہوشیار رہیں جو اْن کو کمزور کر سکتی ہے۔پاپائے اعظم نے اپنے خطاب کا آغاز مقدس یوحنا کی انجیل کے اُس حوالہ سے کیا، جس میں یسوع مسیح خود کو اچھا چرواہا اور بھیڑوں کا دروازہ قرار دیتے ہیں نیز چرواہے اور چور کے درمیان فرق واضح کرتے ہیں۔انھوں نے وضاحت کی کہ چرواہا دروازے سے داخل ہوتا ہے کیونکہ اْس کا بھیڑوں کے ساتھ تعلق ہوتا ہے جبکہ جو کوئی اور راستے سے داخل ہوتا ہے وہ چور ہوتا ہے جو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔اس کے برعکس، مسیح اس لیے آتا ہے کہ سب کو کثرت کی زندگی ملے۔
پاپائے اعظم نے زور دیا کہ یسوع مسیح ہمارے ساتھ دوستی کے رشتے میں بندھا ہوا ہے۔ وہ ہمیں نام بنام جانتا ہے۔وہ ہماری رہنمائی کرتا اور جب ہم کھو جاتے ہیں تو ہمیں تلاش کرتا ہے نیز محبت سے ہماری دیکھ بھال بھی کرتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ یسوع مسیح ہماری زندگی یا آزادی چھیننے نہیں آتا بلکہ ہمیں سیدھے راستے پر چلانے کے لیے آتا ہے۔وہ ہمارے ضمیر کو دھوکہ نہیں دیتا بلکہ اْسے روشن کرتا ہے نیز ہماری خوشیوں کو کم کرنے کی بجائے انہیں گہری اور دائمی خوشی میں بدل دیتا ہے۔
اسی لیے، پوپ لیونے مومنین کو تسلی دی کہ جو لوگ یسوع پر بھروسہ کرتے ہیں انہیں کسی چیز کا خوف نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ وہ ہمیں محروم کرنے نہیں بلکہ مکمل زندگی دینے آتاہے۔ پاپائے اعظم نے مومنین کو نصیحت کی کہ وہ اس بات پر غور کریں کہ وہ اپنے دلوں اور زندگیوں میں کس چیز کو داخل ہونے دیتے ہیں۔
پاپائے اعظم نے مزید کہا کہ ہمیں اُن”چوروں“کو بھی نہیں بھولنا چاہیے جو زمین کے وسائل لوٹتے ہیں، خونریز جنگیں چھیڑتے ہیں یا کسی بھی شکل میں برائی کو فروغ دیتے ہیں، کیونکہ یہ سب ہماری پُرامن مستقبل کی اْمید چھین لیتے ہیں۔
اپنے خطاب کے آخر میں پوپ لیو نے اس بات کو دْہرایا کہ انجیل ہمیں خداوند پر مکمل بھروسہ کرنے کی دعوت دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسیح ہم سے کچھ نہیں لیتا بلکہ وہ نیک چرواہا ہے جو ہمیں کثرت کی زندگی عطا کرتا ہے۔