اس سال روزوں کے ان بابرکت ایام میں اپنی زندگی کو ایک منفرد شاہکار بنائیں۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم

مورخہ 22فروری 2026کو پاپائے اعظم نے مومنین سے خطاب میں کہا کہ روزوں کے ایام مسیحیوں کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ خداوند کو اجازت دیں کہ وہ انہیں پاک کرے، خدا کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط کریں اور یوں اپنی زندگی کو ایک منفرد شاہکار بنائیں۔
اپنے خطاب میں پوپ لیو نے متی کی انجیل کا حوالہ دیاجس میں بیان ہے کہ یسوع بیابان میں شیطان سے آزمائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ چالیس دن کے روزوں کے بعد جسمانی طور پر بھوک کے ذریعے اور اخلاقی طور پر آزمائشوں کے ذریعے مسیح  یسوع نے اپنی انسانیت کا بوجھ محسوس کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ اسی جدوجہد کا تجربہ کرتے ہیں جس کا سامنا ہم سب اپنی زندگی کے سفر میں کرتے ہیں۔تاہم، پوپ لیو نے وضاحت کی کہ برائی کا مقابلہ کرتے ہوئے یسوع مسیح نے یہ ظاہر کیا کہ ہم بھی شیطان کے دھوکے اور چالوں پر غالب آسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دْعا، روزہ اور خیرات کے ذریعے ہم خداوند کے ساتھ اپنے رشتے کو نیا کر سکتے ہیں اور اپنی زندگی کو ایک منفرد شاہکار بنانے کے عمل میں شریک ہو سکتے ہیں۔اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم خدا کو اجازت دیں کہ وہ ہمارے گناہ کے داغ صاف کرے،ہمارے زخموں کو شفا دے اور ہماری زندگی کو خوبصورتی میں پروان چڑھائے یہاں تک کہ وہ محبت کی مکمل حالت تک پہنچ جائے جو حقیقی خوشی کا واحد سرچشمہ ہے۔
پوپ لیو نے تسلیم کیا کہ یہ سفر آسان نہیں اور اکثر انسان مایوسی یا آسان مگر وقتی تسکین دینے والے راستوں کی طرف مائل ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ آزمائشیں، جن کا سامنا خود یسوع نے بھی کیا، دراصل اس خوشی کے ناقص متبادل ہیں جس کے لیے ہم پیدا کیے گئے ہیں، اور آخرکار انسان کو بے چین اور خالی چھوڑ دیتی ہیں۔
پوپ لیو نے یاد دلایا کہ پوپ پال شیشم نے سکھایا تھا کہ توبہ انسانیت کو کمزور نہیں کرتی بلکہ اْسے مالا مال، پاکیزہ اور مضبوط بناتی ہے کیونکہ اس کا مقصد محبت اور خدا کے سپردگی کی طرف بڑھنا ہے۔
توبہ ہمیں اپنی کمزوریوں کا احساس دلاتی ہے مگر ساتھ ہی انہیں خدا کی مدد سے فتح کرنے کی طاقت بھی دیتی ہے تاکہ ہم خدا اور ایک دوسرے کے ساتھ گہری رفاقت میں زندگی گزار سکیں۔پوپ لیو چہاردہم نے کہا کہ آئیں اس فضل کے موسم میں ہم دْعا، توبہ اور رحم کے اعمال کو فراخدلی سے اپنائیں۔
انہوں نے زور دیا کہ کچھ وقت کے لیے ٹیلی ویژن، ریڈیو اور موبائل فون بند کرکے خاموشی کے لیے جگہ بنائیں، خدا کے کلام پر غور کریں، مقدسین کے قریب آئیں اور روح القدس کی آواز سنیں جو ہمارے دل میں بات کرتی ہے۔انہوں نے خاندانوں، کام کی جگہوں اور معاشروں میں ایک دوسرے کو سننے کی اہمیت پر بھی زور دیا، خاص طور پر اکیلے افراد، بزرگوں، غریبوں اور بیماروں کا خیال رکھنے کی تلقین کی۔
انہوں نے کہا کہ ان بابرکت ایام میں ہم غیر ضروری چیزوں کو ترک کرکے، بچائی گئی چیزیں ضرورت مندوں کے ساتھ بانٹ سکتے ہیں۔
اپنے پیغام کے آخر میں پوپ لیو نے مقدسہ مریم سے شفاعت طلب کی کہ وہ، جو آزمائش کے وقت ہمیشہ اپنے بچوں کی مدد کرتی ہیں، ہمارے روزوں کے اس سفر میں ہماری رہنمائی کرے۔