خدا کرے سینٹ جوزف آف چمبری سسٹرز آنے والی نسلوں کی اسی طرح خدمت کرتی رہیں۔فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس

مورخہ 26 جولائی 2025کو سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل، لاہور میں سینٹ جوزف آف چمبری جماعت کی تین سسٹر صاحبات نے دائمی عہد بندی کے وعدے کئے۔اسی کے ساتھ ساتھ تین سسٹرصاحبات نے راہبانہ زندگی میں خدمت اور وفاداری کی روبی جوبلی مناتے ہوئے اپنے وعدوں کی تجدید کی۔
خوشی اور مسرت کے اس بابرکت دن فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس اپوسٹولک ایڈمنسٹریٹر نے پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی جبکہ ریورنڈ فادر آصف سردار وکر جنرل آرچ ڈایوسیس آف لاہور اور ریورنڈ فادر رفحان فیاض ریکٹر آف سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل نے معاونت فرمائی۔ فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس نے دورانِ وعظ سینٹ جوزف آف چمبری جماعت کی تین سسٹر صاحبات سسٹر فلونیا حفیظ،سسٹرمہوش طارق اور سسٹرماریہ کودائمی عہد بندی کے وعدے کرنے پر  نیز سسٹرشکیلہ،سسٹرنسرین اور سسٹر پرمیلہ کو روبی جوبلی کی مبارک باد دی اور کہا کہ آج کا دن آپ کی جماعت کیلئے بہت خاص دن ہے جب تین نئی سسٹر صاحبات اس جماعت میں شامل ہوئی ہیں جبکہ تین سسٹرصاحبات اپنی روبی جوبلی منا رہی ہیں۔ یہ جشن آپ کے مستقل ایمان، ثابت قدمی اور اپنے مشن کے لیے اٹل عزم کا ثبوت ہے۔بشپ جی نے کہا خدا کرے سینٹ جوزف آف چمبری سسٹرز آنے والی نسلوں کی اسی طرح خدمت کرتے رہیں اور یسوع کے مشن کو پھیلاتی رہیں۔آخر میں سسٹرشکیلہ نے بشپ صاحب،کاہن صاحبان،تمام حاضرین کاتہہ دل سے شکریہ ادا کیانیز کیک بھی کاٹا گیا۔