اٹلی کی بریشیا ڈایوسیس اور آرڈر آف مالٹا نے استقبالیہ و فرسٹ ایڈ سروسزسنٹرکو آکاش بشیر خدا کے خادم کے نام منسوب کر دیا۔

 
فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے بڑی شکرگزاری اور مسرت کے ساتھ اس خبر کا خیرمقدم کیا ہے کہ اٹلی کے بریشی ڈایوسیز میں واقع زیارتی مقام ”ماریا روزا میسٹیکا – مادرِ کلیسیا“ (فونتانیلے دی مونٹی کیاری) میں استقبالیہ (Reception) اور ابتدائی طبی امداد (First Aid) کی خدمات کو باضابطہ طور پر ”خادمِ خدا آکاش بشیر“ کے نام سے منسوب کر دیا گیا ہے۔یہ اقدام  15 جون 2026ء کو ”خودمختار فوجی آرڈر آف مالٹا“ کے بریشیا سیکشن کی جانب سے آرڈر کے بانی ”مقدس جان دی بپٹسٹ“ کی عید  کے موقع پر کیا گیا۔
اس تقریب سے قبل لمبارڈی ڈیلیگیشن کے تحت آرڈر آف مالٹا کے بریشیا سیکشن کے سربراہ  جیوانی سانتینی نے آرچ ڈایوسیس آف لاہور کے فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت (او۔ ایف۔ ایم۔کیپ) کو ایک باضابطہ خط ارسال کیا، جس میں اس اقدام سے آگاہ کرتے ہوئے تقریب کے دوران پڑھنے کے لیے برکت کا پیغام طلب کیا گیا۔
اپنے خط میں مسٹر سانتینی نے وضاحت کی کہ استقبالیہ اور فرسٹ ایڈ کی یہ خدمات خصوصی طور پر اْن نوجوانوں اور رضاکاروں کے سپرد ہوں گی جو زائرین کے استقبال، بیماروں اور بزرگوں کی مدد اور مقدس مقام پر آنے والے تمام افراد کی خدمت کے لیے اپنا وقت اور توانائیاں وقف کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان خدمات کو خادمِ خدا آکاش بشیر کے نام سے منسوب کرنے کا مقصد نوجوانوں کے سامنے مسیحی گواہی، خدمت، جرات اور قربانی کی ایک زندہ مثال پیش کرنا ہے۔
اس خط میں آکاش بشیر کی عظیم قربانی کو بھی یاد کیا گیا، جنہوں نے 15 مارچ 2015ء کو لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں واقع سینٹ جان کیتھولک چرچ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے خودکش حملہ آور کو روکنے کے دوران اپنی جان قربان کر دی تھی۔ بریشیا سیکشن نے اس بات پر زور دیا کہ آکاش بشیر اپنی گواہی اور قربانی کے باعث اْمید، ایمان اور مسیحی بہادری کی ایسی علامت بن چکے ہیں جو قومی سرحدوں سے ماورا ہو کر دنیا بھر کے نوجوانوں کو دوسروں کی خدمت اور حفاظت کے لیے متاثر کر رہی ہے۔
مسٹر سانتینی نے مزید کہا کہ یہ اقدام پاکستان کے مسیحیوں کے ساتھ روحانی یکجہتی اور آرچ ڈایوسیس آف لاہور کی ثابت قدمی کی گواہی کے اعتراف کا اظہار ہے۔ انہوں نے اس اْمید کا بھی اظہار کیا کہ فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت کا پیغام اس تقریب میں شریک نوجوان رضاکاروں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گا اور انہیں اس حقیقت کا شعور دے گا کہ مسیحی خدمت ایک ہی جسمِ مسیح کا حصہ ہے جو دنیا بھر کی اقوام اور کلیسیاؤں کو متحد کرتا ہے۔
فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے اس درخواست کا پرتپاک جواب دیتے ہوئے اپنا خصوصی پیغام ارسال کیا، جو خدمات کی برکت اور رسمی نامزدگی سے قبل تقریب میں پڑھ کر سنایا گیا۔ منتظمین کے مطابق حاضرین نے اس پیغام کو بے حد قدر و احترام کے ساتھ سنا اور سراہا۔
تقریب کے بعد جیوانی سانتینی نے آرچ ڈایوسیز آف لاہور کو آگاہ کیا کہ یہ تقریب بریشیا ڈایوسیز اور آرڈر آف مالٹا کے بریشیا سیکشن کے لیے ایک نہایت خوبصورت اور جذباتی موقع ثابت ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بریشیا کے بشپ پیرانتونیو ٹریمولادا نے آرچ بشپ خالد رحمت کے پیغام کو خصوصی طور پر سراہا اور خادمِ خدا آکاش بشیر کے اعزاز میں کی جانے والی اس نامزدگی کو نہایت متاثر کن قرار دیا۔یہ اقدام کلیسیائی اتحاد اور عالمی مسیحی بھائی چارے کی ایک خوبصورت علامت ہے، جو اس حقیقت کو اْجاگر کرتا ہے کہ تقدس، ایمان اور مسیحی جرات کی گواہی قوموں اور ثقافتوں کے درمیان مضبوط پل تعمیر کرتی ہے۔ کیتھولک آرچ ڈایوسیس آف لاہور کے لیے یہ باعثِ شکرگزاری ہے کہ خادمِ خدا آکاش بشیر کی قربانی اور گواہی پاکستان سے باہر بھی نوجوانوں اور مسیحی برادریوں کو متاثر کر رہی ہے اور انہیں ایمان، محبت اور خدمتِ خلق کے راستے پر گامزن ہونے کی ترغیب دے رہی ہے۔
دْعا ہے کہ خادمِ خدا آکاش بشیر کی روشن مثال دنیا بھر کے نوجوانوں کو امن کے سفیر، مسیح کے وفادار شاگرد اور انسانیت کے بے لوث خادم بننے کی تحریک دیتی رہے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail