آرچ ڈایوسیس آف لاہور میں مقدس فرانسس آف اسیسی کے جوبلی سال کا افتتاح
مورخہ 22مئی 2026کو آرچ ڈایوسیس آف لاہور نے سیکرڈہارٹ کیتھڈرل لاہور میں بڑی شادمانی اور عقید ت کے ساتھ مقدس فرانسس آف اسیسی کے جوبلی سال کا افتتاح کیا۔اس افتتاحی تقریب میں فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے تمام ڈایوسیس کی جانب سے جوبلی کی شمع روشن کی جو کہ ایمان اور تجدید کے مقدس سفر کے آغاز کی علامت تھی نیزجوبلی بینر کو غباروں کے ہمراہ فضا میں چھوڑا گیا۔فادر صاحبان،سسٹرصاحبات، مناد صاحبان،بردران اور پیرش کے مومنین فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت کی سربراہی میں گیت گاتے،نعرے لگاتے اور حمدوثنا کرتے ہوئے ہاتھوں میں موم بتیاں جلائے عقیدت کے ساتھ کیتھیڈرل کی طرف جلوس کی صورت میں آئے۔
جوبلی سال کا باقاعدہ آغا ز افتتاحی پاک ماس کے ساتھ ہوا۔جس کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے فرمائی۔
دورانِ وعظ بشپ جی نے تمام مومنین کو مقدس فرانسس آف اسیسی کے جوبلی سال کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مقدس فرانسس آف اسیسی کی تحریک اور روحانیت نے بے شمار لوگوں کو متاثر کیا ہے۔پاکستان میں فرانسسکن کیپوچن مشنریوں نے عظیم خدمت سر انجام دی ہے اور ان کی خدمت کے وسیلے سے آج پاکستان میں فرانسسکن کیپوچن اورسسٹرز کی چا رمختلف فرانسسکن جماعتیں خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔انھوں نے کہاکہ مقدس فرانسس آف اسیسی کے لئے یسوع کی صلیب محبت کی میراج ہے۔ آج یہ وقت ہے کہ ہم جوبلی کے فضائل کیلئے خدا کا شکر ادا کریں نیز عہد کریں کہ تمام مذہبی گھرانے اور مومنین جو مقدس فرانسس آف اسیسی کی روحانیت سے متاثر ہیں اْس کے نقشِ قدم پر چلیں گے۔ بشپ جی نے بتایا کہ عالمی کلیسیا نے اس جوبلی سال کاموضوع”مقدس فرانسس امن کا پیامبر اورسب کا بھائی“ منتخب کیا ہے۔ بشپ جی نے بتایا کہ مقدس فرانسس نے موت کو بہن کہہ کر گلے لگایا۔ اپنے انتقال سے پہلے کہا کہ مجھے ننگا زمین پر لیٹا دیا جائے۔ اْن کا یہ عمل کائنات کے ساتھ اتحاد کا اظہار ہے۔اس لئے فرانسسکن گھرانےTransitusof st francisمناتے ہیں یعنی عارضی زندگی سے ابدی زندگی میں منتقل ہونا۔اپنے خطاب کے اختتام پہ فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے کہا کہ مقدس فرانسس نے ہمیں یہ سیکھایا ہے کہ حقیقی خوشی اور باطنی سکون دولت اور چیزوں کو اکٹھا کرنے میں نہیں بلکہ دوسروں کے ساتھ بانٹنے میں ہے۔
جوبلی کے اس بابرکت موقع پر ریورنڈ فادر آصف سردار (وِکر جنرل آرچ ڈایوسیس آف لاہور) نے کہا کہ آرچ ڈایوسیس آف لاہور کی کلیسیاشادمانی اور شکر گزاری کے جذبے سے سر شار ہوکر مقدس فرانسس آف اسیسی کی جوبلی سال کا آغاز کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ سال صرف ایک یاد گار نہیں بلکہ ایمان،توبہ،تجدید اور خد اکی محبت میں نئے سرے سے زندگی گزارنے کی دعوت ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ مقدس فرانسس آف اسیسی کی زندگی ہمیں سبق دیتی ہے کہ حقیقی عظمت دولت،طاقت یا اختیا ر میں نہیں بلکہ خدا کی مرضی میں خود کو مکمل طور پرسونپ دینے میں ہے۔
ریورنڈ فادر عمانیوئیل عاصی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ کیپوچن کاہنوں نے مجھے بپتسمہ دیا اور میری تعلیم وتربیت میں ہالینڈ کے فرانسسکن مشنریوں کا بہت بڑا حصہ ہے۔انھوں نے کہا کہ میں تمام فرانسسکن سسٹرز،کاہنانہ برادری اور کیپوچن مشنریوں کو اْن کی خدمات کیلئے خراج ِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوبلی صرف ایک واقعہ یا ایک دن کا پروگرام نہیں بلکہ یہ ایک جذبہ ہے جس کی روح کو زندہ رکھنے کیلئے پورے سال مختلف پروگرامز کا نعقاد ہوتا رہنا چاہئے۔
ریورنڈ فادر قیصر فیروز (او۔ایف۔ایم کیپ) نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقدسین آسمان کے ستاروں کی مانند ہیں جو سب کے ہیں اور سب کیلئے چمکتے ہیں۔مقدس فرانسس آف اسیسی بھی ایسا ہی روشن ستارہ ہے جو یسوع المسیح سے اپنی روشنی حاصل کرتااور ہم سب کے ساتھ محبت اور فروتنی کی کرنیں بانٹا ہے۔پوپ لیو چہاردہم نے سال 2026کومقدس فرانسس آف اسیسی کی جوبلی کا سال قرار دیا ہے۔جوبلی کا یہ موقع ہم سب کیلئے خدا اور کائنات کے ساتھ اپنے تعلق کی تجدید کا خوبصورت وقت ہے۔فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت کی یہ خواہش تھی کہ ہم ڈایوسیس کی سطح پر مقدس فرانسس آف اسیسی کے بیٹے اور بیٹیاں ہوتے ہوئے مل کر جوبلی منائیں۔بشپ جی نے ہم سب کو ایک گلدستے کی طرح اکٹھا کر دیا ہے اور اچھا رہنما وہی ہوتا ہے جو سب کو متحد کرتا ہے۔اور بشپ جی نے ہمیں ایک گلدستے کی مانند اکٹھا کر کے ماحولیات اور بین المذاہب مکالمہ کے مربی کی جوبلی منانے کا موقع فراہم کیا ہے۔
جوبلی کے دوسرے حصہ میں فرانسسکن ٹرشری سسٹرز آف لاہور،دومنیکن سسٹرز کے سکول کی طالبات اور جیزز اینڈ میری سسٹرزنے مقدس فرانسس آف اسیسی کے نغمات پیش کرکے ایران اور اسرائیل اور دیگر جنگی حالات کو امن کا پیغام دیا۔جشن جوبلی اْس وقت بام ِ عروج پر پہنچا جب فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت کے ساتھ مل کر تمام مذہبی جماعتوں کے سپیئریرز نے جوبلی کا کیک کاٹا۔آتش بازی اور الیکٹرک انار وں نے جوبلی کے جشن اور خوشیوں میں اضافہ کیا۔