پاک روزری اور ہم!

پڑھنی کلیسیا سکھائے روزری
خاندانی روز پڑھی جائے روزری
مبشرِ انجیل پی-ڈی-رافائیل اپنے اس گیت میں روزری کی اہمیت اور فضائل کو بہت عمدگی سے بیان کرتے ہیں۔ماہِ مئی اور اکتوبر چونکہ روزری کے مہینے ہیں تو ان مہینوں میں کیتھولک مسیحی روزری کی عبادت کے ذریعے مقدسہ ماں سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے اور اْس کی سفارشوں کی بدولت خدا سے ڈھیروں برکات پاتے ہیں۔ فادر روننا مرفی کہتے ہیں کہ اقدس روزری انجیل مقدس کا خلاصہ ہے۔ پھر پاپائے اعظم پائس بارہویں فرماتے ہیں کہ برکات حاصل کرنے کی خواہش رکھنااور وہ بھی کنواری ماں کی مددکے بغیر ایسا ہی ہے جیسے بغیر پروں کے اُڑنا۔
فادر رونی مرفی کہتے ہیں کہ روزری ایک تار پر بائبل مقدس ہے۔ تاہم علمِ اعداد کی روشنی میں ہم کہہ سکتے ہیں کہ بیشتر روزری خُداوند یُسوع مسیح کے متعلق ہے اور خُداوند یُسوع مسیح روزری پر چھا یاہوا ہے۔ روزری پڑھ کر ہم خُدا کی عبادت کرتے ہیں۔پاک روزری ایک دُعائیہ ورد ہے جس میں مومنین نجات کے واقعات اور بھیدوں پر غور کرتے ہوئے خُدا کی پرستش اور مقدسہ مریم کی تعریف کرتے ہیں۔ یہ خُدا کے غضب، غصے اور قہر کو دھیما کرتی ہے۔ یہ نجات کے کام کو عمل میں لاکر خُدا کی بادشاہی کو پھیلاتی ہے۔ یہ خُدا کی حضوری میں تمام ایمانداروں کو محفوظ مقام دلاتی ہے۔ مقدسہ مریم ہر دور میں اور بالخصوص روحانی و دنیاوی بحران  میں انسانوں پر ظاہر ہوکر نجات کے واقعات پر غور کرنے اور گناہوں سے توبہ کی تحریک دیتی ہے۔ وہ آج بھی ان موجودہ مشکل اور سخت دنیاوی حالات میں اس دُعائیہ ورد کی روحانی اہمیت پر توجہ دلاتے ہوئے ہر شخص کو ذاتی، اجتماعی اور خاندانی روزری پڑھنے کیلئے باقاعدہ طور پر کہتی ہے۔  پاک ماں کیتھولک کلیسیانے اپنی اس عظیم ماں اور محسنِ انسانیت کی باتوں پر کان لگاتے ہوئے مئی اور اکتوبر کے مہینے کو ہمیشہ کے لئے مقدسہ مریم اور پاک روزری  کے دعائیہ ورد سے منسوب کردیا ہے۔ اس مخصوص دُعا اور پاک روزری سے عقیدت رکھنے والے مومنین سے مقدسہ مریم کا وعدہ ہے کہ جب بھی وہ مجھے پکاریں گے تو میں اْن کی مدد کروں گی۔ خدا کرے کہ پاک روزری کے اس بابرکت مہینہ میں  مقدسہ ماں کی سفارشوں سے سب خاندانوں کو برکات،کامیابیاں اور خوشیاں ملیں۔آمین
آپ سبھی کو روزری کو بابرکت مہینہ مبارک ہو!